ایمز ٹی وی (ما نیٹئرنگ ڈیسک )انسٹاگرام میں کامیابی سے اسنیپ چیٹ اسٹوریز کو کاپی کرنے کے بعد فیس بک نے اب اسے اپنی ایپ کا بھی حصہ بنا دیا ہے۔ جی ہاں انسٹاگرام میں جس طرح اسٹوریز کا انٹرفیس دیا گیا ہے، بالکل اسی انداز کا ڈیزائن فیس بک اسٹوریز کے نام سے اب فیس بک موبائل ایپ میں ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔ اس فیچر کی آزمائش فی الحال آئرلینڈ میں کی جارہی ہے مگر اس نئے فارمیٹ کو جلد دنیا بھر میں متعارف کرایا جائے گا۔
فیس بک اسٹوریز بالکل انسٹاگرام اسٹوریز کی نقل ہے جو کہ خود اسنیپ چیٹ اسٹوریز سے چوری کیا گیا، جہاں آپ تصاویر اور ویڈیوز اپنی ذاتی ' اسٹوری' میں شامل کرکے دوستوں سے شیئر کرسکتے ہیں اور یہ چوبیس گھنٹے بعد خودبخود ڈیلیٹ ہوجاتی ہے۔ آپ جو بھی فیس بک اسٹوری میں ایڈ کریں گے وہ نیوزفیڈ یا پروفائل کی ٹائم لائن پر ظاہر نہیں ہوگا جبکہ انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ کی طرح آپ کسی کی اسٹوری پر ڈائریکٹ میسج کے ذریعے رئیپلائی بھی کرسکتے ہیں۔
آپ تصاویر میں سیلفی فلٹرز اور فیس بک کے اسنیپ چیٹ جیسے جیو فلٹرز سے بھی فوٹوز اور ویڈیوز کو سجا سکتے ہیں۔ فیس بک کی جانب سے اس فیچر کو انسٹاگرام کی طرح ایپ کے ٹاپ پر نمایاں جگہ دی گئی ہے۔ اس بات کی تصدیق فیس بک ترجمان نے خود کی۔