منگل, 21 مئی 2024


غریب اور ترقی پذیر ملکوں کیلئے سام سنگ کا اسپیشل اسمارٹ فون

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) سام سنگ نے اپنے ری فربشڈ گیلکسی نوٹ 7 اسمارٹ فون غریب اور ترقی پذیر ملکوں میں رواں برس سے فروخت کے لئے پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سام سنگ نے ری فربشڈ گیلکسی نوٹ 7 اسمارٹ فون غریب اور ترقی پذیر ملکوں میں رواں برس جون سے فروخت کے لئے پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد سام سنگ کے خسارے کا ازالہ کرنا ہے کیونکہ گزشتہ برس لانچ ہونے والے گیلکسی نوٹ 7 اسمارٹ فونز میں آگ لگنے اور بیٹری پھٹنے کے کئی واقعات کے بعد سام سنگ نے دنیا بھر سے یہ تمام اسمارٹ فونز واپس منگوا لیے تھے جن کی تعداد تقریباً 25 لاکھ بتائی جاتی ہے۔

محتاط تحقیق کے مطابق سام سنگ نوٹ 7 کی بیٹری میں خرابی تھی جو زیادہ چارج ہونے پر دھماکے سے پھٹ جاتی تھی یا پھر آگ پکڑ لیتی تھی، اندازہ ہے کہ ان موبائل فونز کی چیکنگ کے دوران 2 لاکھ کے لگ بھگ نوٹ 7 اسمارٹ فونز تباہ کیے گئے لیکن سام سنگ کے پاس اب بھی ایسے 23 لاکھ سے زیادہ اسمارٹ فونز موجود ہیں جنہیں مناسب داموں ٹھکانے لگانے کےلیے ری فربش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ری فربشڈ گیلکسی نوٹ 7 میں پرانی اور طاقتور 3500 ایم اے ایچ بیٹری کی جگہ قدرے کمزور 3000 ایم اے ایچ بیٹری لگائی گئی ہے جس سے اسمارٹ فون چارج رہنے کا دورانیہ ضرور کم ہوجائے گا لیکن فون کے پھٹنے یا آگ پکڑنے کا خطرہ نہیں رہے گا۔ اس کے علاوہ فون کے باقی تمام فیچرز تقریباً ویسے کے ویسے ہی رہنے دیئے گئے ہیں۔ اگرچہ یہ بھی طے ہوچکا ہے کہ مذکورہ ری فربشڈ گیلکسی نوٹ 7 اسمارٹ فونز کو پاکستان جیسے غریب اور ترقی پذیر ممالک میں فروخت کیا جائے گا لیکن یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ان کی قیمت کتنی ہوگی۔ اگر ہم اسمارٹ فونز کی مارکیٹ کا جائزہ لیں تو مقامی طور پر ری فربشڈ اسمارٹ فونز کی قیمت نئے کے مقابلے میں تقریباً آدھی یا اس سے بھی کم ہوتی ہے جبکہ ان کی کوئی وارنٹی بھی نہیں ہوتی۔

اس کے برعکس اگر کوئی کمپنی اپنے ہی پرانے اسمارٹ فونز ری فربش کرکے خود ہی فروخت کرتی ہے تو وہ مناسب مدت کی وارنٹی بھی دیتی ہے لیکن ایسی صورت میں ان کی قیمت نئے کے مقابلے میں 30 سے 40 فیصد تک کم ہوتی ہے۔ ان معلومات کی روشنی میں کہا جاسکتا ہے کہ ری فربشڈ گیلکسی نوٹ 7 اسمارٹ فون کی ممکنہ قیمت 50 ہزار سے 60 ہزار روپے تک ہوسکتی ہے لیکن یہ بھی ایک اندازہ ہے جسے حتمی نہیں سمجھنا چاہئے۔


 
 


 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment