ھفتہ, 23 نومبر 2024


لباس میں چھپا سینسر، ٹی شرٹ گنگنانے لگی

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) اب یہ ممکن ہے کہ اپنی راہ پر جاتے ہوئے آپ کی نظر کسی گلوکار کے کنسرٹ کے پوسٹر پر جاتی ہے اور اپنی گاڑی میں ریڈیو لگاتے ہی اس گلوکار کے نغمے سننے لگتے ہیں یا صبح جاگنگ کے دوران آپ کی ٹی شرٹ پسینے کا تجزیہ کرکے آپ کے اسمارٹ فون پر اس کی طبی رپورٹ بھیج دیتی ہے۔
یونیورسٹی آف واشنگٹن کے ماہرین نے اسمارٹ پوسٹر اور ٹی شرٹ بنالی ہے جو آپ کی کار کے ریڈیو اور اسمارٹ فون سے براہِ راست رابطہ کرتی ہے۔ اسی طرح کسی جگہ یا مقام کا اشتہار اس کی تفصیلات اور راستہ وغیرہ بھی نشر کرنے کا اہل بن سکتا ہے۔ اس سے ان پڑھ اور اسپیشل افراد کو یقیناً بہت فائدہ ہوسکتا ہے۔ دوسری جانب لباس میں لگے سینسر دن بھر آپ کی کیفیات نوٹ کرکے اسے اسمارٹ فون پر بھیج سکتے ہیں۔
یونیورسٹی آف واشنگٹن میں کمپیوٹر سائنس کے نائب پروفیسر نے بتایا کہ ہر شے کو آپ سے بات کرنے والا بناکر پورے شہر کو اسمارٹ اور ہوشیار بنایا جاسکتا ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ یہ نظام بہت کم بجلی خرچ کرتے ہیں۔ ماہرین کی ٹیم نے اس نئی ٹیکنالوجی کو ’’بیک اسکیٹرنگ‘‘ کہا ہے جس میں باہر کے ماحول میں ایف ایم ریڈیو سگنلز خارج کیا جاتا ہے۔ یہ نظام آڈیو اور ڈیٹا کو کچھ اس طرح شہری ماحول میں خارج کرتے ہیں کہ اس سے معمول کی ریڈیو نشریات متاثر نہیں ہوتی۔
گنگناتے پوسٹر اور بات کرتے لباس
انجینئروں کے مطابق کسی بھی بس اسٹاپ یا عوامی مقام پر تین مختلف طریقوں سے کسی پوسٹر کے ذریعے نہ صرف بینڈ اور گلوکار کی موسیقی نشر کی جاسکتی ہے بلکہ اسے اسمارٹ فون کے ذریعے 12 فٹ کی دوری اور کار میں 60 فٹ کی دوری سے بھی سنا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ مقامی ریڈیو اسٹیشن کی نشریات کو پوسٹر کے ذریعے اسمارٹ فون اور گاڑی تک پہنچاسکتے ہیں۔
ٹیم کے مطابق اشتہاراتی پوسٹر کو ایک چھوٹا ایف ایم ریڈیو اسٹیشن بنانا بہت آسان ہے جو بہت کم بجلی خرچ کرتے ہیں۔ اسی طرح انسانی کپڑوں میں بھی اسے استعمال کرکے مختلف سینسر سے دل کی دھڑکن، نبض اور سانس کی بحالی کو نوٹ کیا جاسکتا ہے اور ایک چھوٹے سے اینٹینا کے ذریعے یہ معلومات اسمارٹ فون تک پہنچائی جاسکتی ہے جس میں ڈیٹا ٹرانسفر کی شرح 3.2 کلوبٹس فی سیکنڈ ہوگی۔
اس ٹیکنالوجی میں ریڈیو ٹاور سے آنے والی نشریات کو ٹی شرٹ اور پوسٹر کے ذریعے آگے بڑھایا جاتا ہے جب کہ پوسٹر اور کپڑے استعمال نہ ہونے والی ایف ایم فری کوئنسی کو استعمال کرتا ہے اور صرف مخصوص معلومات اور گانے ہی آگے بڑھاتا ہے۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment