ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) واٹس ایپ اور میسنجر کے بعد جس اپلیکشن کو دنیا میں میسجنگ کے لیے سب سے زیادہ استعمال کیا جاتا ہے وہ وائبر ہے جس کو استعمال کرنے والوں کی تعداد اسّی کروڑ سے زائد ہے۔
پاکستان میں بھی اسے کافی استعمال کیا جاتا ہے اور اب صارفین کے لیے اس ایپ میں وہ فیچر متعارف کرا دیا گیا ہے جو واٹس ایپ، اسنیپ چیٹ اور میسنجر میں بھی موجود ہے یعنی خودکار طور پر ڈیلیٹ ہونے والے پیغامات۔
اپنے صارفین کو زیادہ پرائیویسی اور سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے رائبر میں سیکرٹ چیٹس نامی فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔
آسان الفاظ میں اس فیچر کے تحت ایک مخصوص وقت کے بعد پیغامات خودخود اپنے آپ کو تباہ یا ختم کرلیں گے۔
اس سے قبل رواں سال کے شروع میں وائبر میں سیکرٹ میسجز نامی فیچر متعارف کرایا گیا تھا جس میں کچھ وقت کے بعد انفرادی پیغامات خودکار طور پر ختم ہوجاتے تھے۔
مگر سیکرٹ چیٹس میں صارف کے پیغامات کو کسی اور جگہ فارورڈ نہیں کیا جاسکے گا جبکہ آئی او ایس میں اس کا اسکرین شاٹ لینے پر مطلع بھی کیا جائے اور اینڈرائیڈ میں اسکرین شاٹ بھی نہیں لیا جاسکے گا۔
وائبر کے عام پیغامات کی طرح یہ میسجز بھی اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوں گے اور صارف چاہے تو سیکرٹ چیٹس کو پن کوڈ کے ذریعے بھی محفوظ بناسکیں گے۔
یہ فیچر وائبر کے صارفین کے لیے پیش کردیا گیا ہے اور جلد ہی دنیا بھر میں لوگ اسے استعمال کرسکیں گے۔