ھفتہ, 23 نومبر 2024


گوگل کا انٹرنیٹ تک مفت رسائی دینے کا منصوبہ

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) گوگل آبادی کے لحاظ سے دنیا کے دوسرے بڑے ملک بھارت میں ایک ارب لوگوں کو انٹرنیٹ تک مفت رسائی دینے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے۔
گوگل ہندوستان کے دور دراز علاقوں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں تک مفت اور تیز ترین انٹرنیٹ پہچانے کے منصوبے کو ریلوے لائینوں اور ریلوے اسٹیشنز کے ذریعے تکمیل تک پہنچا رہا ہے۔
گوگل اب تک بھارت کے وزارت ریلوے کے شعبہ ٹیکنالوجی اور دیگر اداروں کے تعاون سے 15 لاکھ افراد تک انٹرنیٹ کی تیز ترین اور مفت رسائی کو یقینی بنا چکا ہے۔
گوگل انڈیا کے ہیڈ آف کنیکٹوٹی گلزار آزاد کے مطابق گوگل ہندوستان کے ایک ارب لوگوں تک مفت اور تیز ترین انٹرنیٹ کی رسائی کو یقینی بنانا چاہتا ہے۔
گلزار آزاد نے بتایا کہ گوگل اور اس کی شراکت دار کمپنیاں چاہتی ہیں کہ بھارت کا ہر ایک آدمی ماہانہ کم سے کم 10 گیگا بائٹ (جی بی) انٹرنیٹ استعمال کرے۔
ان کے مطابق زیادہ سے زیادہ لوگوں تک انٹرنیٹ کی تیز ترین رسائی سے ای کامرس اور ڈجیٹل کاروبار میں اضافہ ہوگا اور زندگی مزید آسان بن جائے گی۔
گوگل نے مختلف شراکت دار کمپنیوں کی مدد سے اس منصوبے کے تحت اب تک 115 ریلوے اسٹیشنز میں مفت انٹرنیٹ کی سروس شروع کردی ہے، جس سے کم سے کم 15 لاکھ افراد فائدہ حاصل کر رہے ہیں۔
گوگل کے مطابق آئندہ 4 سے 5 سال تک اس منصوبے کو مزید وسعت دے کر ہندوستان کے 400 ریلوے اسٹیشنز تک پھیلایا جائے گا، جس سے کم سے کم ایک ارب لوگ مفت انٹرنیٹ کی سہولت سے فائدہ حاصل کرسکیں گے۔
خیال رہے کہ گوگل نے یہ منصوبہ جنوری 2016 میں شروع کیا تھا۔
گزشتہ ایک دہائی میں ہندوستان میں ٹیکنالوجی نے تیزی سے ترقی کی ہے، اور خانگی اداروں سمیت کئی سرکاری ادارے بھی آن لائن ہوگئے ہیں، جب کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کے باعث ای کامرس میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment