ایمز ٹی وی(صحت) سر درد کی مصیبت ہر کسی پر کبھی نہ کبھی ضرور ٹوٹتی ہے،یہ ہمارے اچھے دن کا ستیاناس کر سکتی ہے،سردرد کی بہت سی وجوہات ہو سکتی ہیں،بعض اوقات ہمیں پتا نہیں چلتا کہ سر میں ہونے والا درد کیوں ہو رہا ہے،امریکی ڈاکٹر مارک ڈبلیو گرین کے مطابق سردرد کی ایک ہزار کے قریب وجوہ ہیں،اگر سردرد شدت اختیار کر جائے تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کیجیے،آئیے سر درد کی چند ان وجوہ کی طرف نظر دوڑاتے ہیں جن کے بارے میں لوگ کم جانتے ہیں۔
دردشقیقہ کا وراثت میں ملنا
دردشقیقہ کم و بیش آدھے سر کا درد ہوتا ہے اور عموماً خاصا شدید ہوتا ہے اگر والدین میں سے ایک اس کا شکار ہوں تو نصف فیصد امکان ہے کہ یہ آپ کو بھی منتقل ہوگا اور اگر ماں اور باپ دونوں اس میں مبتلا رہتے ہیں تو یہ امکان 80 فیصد تک بڑھ جاتا ہے،درد شقیقہ جینیاتی طور پر منتقل ہوتا ہے اور یہ تشویش سے ہونے والے سردرد سے مختلف ہوتا ہے،تشویش یا دباؤ سے پیدا ہونے والا سر درد عام طور پر کم شدت کا ہوتا ہے،دردشقیقہ کے دوران روشنی اچھی نہیں لگتی اور شدت کی صورت میں قے بھی آ سکتی ہے۔
عورت ہونا
مردوں کی نسبت عورتوں میں دردشقیقہ زیادہ ہوتا ہے،مردوں میں اس کی شرح چھ سے آٹھ اور عورتوں میں 16 سے 18 فیصد ہوتی ہے،ڈاکٹروں کے خیال میں ماہواری کے دوران ہارمونز میں آنے والی تبدیلیاں اور ایسٹروجن کی سطح میں کمی اس تکلیف کی وجہ بنتی ہے،دوران حمل اور ماہواری کی عمر کے گزرنے کے بعد ہارمونزمیں توازن پیدا ہو جاتا ہے جس سے تکلیف میں کمی ہو جاتی ہے۔
نیند میں کمی
جو لوگ رات کو زیادہ جاگتے ہیں یا کم سوتے ہیں انہیں سردرد کی شکایت زیادہ ہوتی ہے،اس کی وجہ جسم کو مطلوبہ آرام نہ ملنا ہے،اس کے علاوہ بہت زیادہ سونا بھی سر درد کا باعث بن سکتا ہے۔
کھانا نہ کھانا
زندگی کی مصروفیت میں کبھی کبھارکھانا نظرانداز ہو جاتا ہے،یوں بھی ہوتا ہے کہ دن کے دو بج جاتے ہیں اور معدہ خالی رہتا ہے،کھانے میں تاخیر سے جسم میں شکر کی مقدار کم ہو جاتی ہے،ڈاکٹرز کے مطابق تھوڑے تھوڑے وقفوں کے ساتھ کچھ کھانا بہتر رہتا ہے تا کہ جسمانی توانائی کی سطح برقرار رہے۔
موسم میں تبدیلی
ٹرانسپورٹ کی سہولیات نے سفر آسان بنا دیا ہے۔ ہو سکتا ہے سیر کو جی چاہے اور آپ گرم سے کسی برفانی علاقے میں گھومنے چلے جائیں،موسمیاتی تبدیلی یا سفر دردشقیقہ یا عام سردرد کے آغاز کا باعث بن سکتا ہے۔
کافی اور چائے چھوڑنا
اگر آپ چائے یا کافی کے عادی ہیں اور اچانک اسے نہیں لیتے تو سردرد ہو سکتا ہے،اس کی وجہ جسم میں کیفین کی کمی ہوتی ہے،اسی لیے عادی افراد کو سر درد کی صورت میں چائے یا کافی کا ایک کپ پینے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
ذہنی دباؤ
ذہنی دباؤ کی حالت میں بلڈ پریشر بڑھ جاتا ہے اور دل کی دھڑکن تیز ہو جاتی ہے۔ اسی کے ساتھ دباؤ کا مقابلہ کرنے والے ہارمون کور ٹیسول کا اخراج بڑھ جاتا ہے جس کے نتیجے میں اعضا و اعصاب میں کھچاؤ پیدا ہوتا ہے جو سر درد کا باعث بنتا ہے۔