ایمزٹی وی(صحت)خیبر پختونخوا میں بڑھتے ہوئے ڈینگی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے حکومت پنجاب نے موبائل ہیلتھ یونٹس کے بعد پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے مزید امدادی سامان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ پنجاب ڈینگی کے مرض پر قابو پانے کیلئے ریسکیو 1122 کی جدید آلات کی حامل 8 ایمبولنسز پشاور بھجوائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ 3 سی بی سی تجزیاتی مشینیں، ڈینگی کا ٹیسٹ کرنے والی کٹس اور مزید 2 موبائل ہیلتھ یونٹس بھی خیبر پختونخوا حکومت کی مدد کیلئے روانہ کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب کے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کی ٹیموں اور تین موبائل یونٹس کے ساتھ پشاور میں موجود ہیں جہاں حکومت خیبر پختونخوا نے انہیں ہسپتالوں میں کام کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد انہوں نے سڑکوں پر ہی موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے مریضوں کو طبی امداد فراہم کرنا شروع کردی تھی۔ آج خیبر پختونخوا کی حکومت نے پنجاب سے مدد لینے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے۔