ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)اسمارٹ فون پر دنیا بھر سے رابطے میں رہنا اور خبروں سے باخبر رہنا آج کل کی زندگی کا معمول بن چکا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل کا ز یادہ استعمال گردن پر تکلیف کا سبب بن رہا ہے۔امریکی شہر لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والے نیوروسرجنز کا کہنا ہے کہ ان کے پاس گردن میں درد کی شکایت کے مریضوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ان کے مطابق جب وہ ایسے مریضوں کا ایکسرے کرتے ہیں تو انہیں گردن پر موجود اسپائنل کورڈ جو مختلف ٹشوز اوراعصاب کا مجموعہ ہوتی ہے، اپنی قدرتی حالت سے مختلف، مڑی ہوئی نظر آتی ہے جو اس حصے میں تکلیف کا سبب بنتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ شکایت ان افراد کو ہوتی ہے جواسمارٹ فونز کا بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں۔ یہ صورتحال بچوں کے لیے زیادہ خطرناک ہے جن کا جسم نشونما پانے کے مراحل میں ہوتا ہے۔ تحقیق کے مطابق جیسے جیسے بچوں کا اسمارٹ فونز، ٹیبلٹس یا آئی پیڈز سے کھیلنے کا دورانیہ بڑھتا جاتا ہے ویسے ویسے ان کی نیند کے دورانیے میں کمی آتی جاتی ہے۔
وہ بچے جو بچپن سے ہی ویڈیو گیمز کھیلنے یا بہت زیادہ ٹی وی دیکھنے کے عادی ہوتے ہیں وہ نیند کی کمی کا شکار ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی ذہنی نشونما پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ یہ نیلی اسکرینز بہت شدت سے نہ صرف بچوں بلکہ بڑوں کی آنکھوں پر بھی اثر انداز ہوتی ہیں۔ یہ آنکھ کے پردے کو نقصان پہنچا سکتی ہے اور ہمیشہ کے لیے نابینا بھی کر سکتی ہے
۔ا ن تمام بیماریوں کو ماہرین نے ڈیجیٹل بیماریوں کا نام دیا ہے جو آج کے ڈیجیٹل دور کی پیداوار ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس اسکرین کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا دماغی کارکردگی کو بتدریج کم کردیتا ہے جبکہ یہ نیند پر بھی منفی اثرات ڈالتا ہے۔