ایمزٹی وی(صحت) سانس میں بو کسی کے لیے بھی پریشان کن مسئلہ ہوتا ہے جو ان کی شخصیت کو بھی متاثر کرتا ہے جبکہ یہ مختلف امراض کا اشارہ بھی ہوسکتا ہے۔ مگر اس سے نجات کس طرح ممکن ہے؟ درحقیقت سانس میں بو ہونے سے ماﺅتھ واش کا کثرت سے استعمال کسی قسم کا فائدہ نہیں پہنچاتا۔ بنیادی طور پر تمام غذائیں منہ کے اندر ٹکڑے ہوتی ہیں اور اگر آپ تیز بو والی غذائیں جیسے لہسن یا پیاز کھاتے ہیں تو دانتوں کی صفائی یا ماﺅتھ واش بھی ان کی بو کو عارضی طور پر ہی چھپا پاتے ہیں اور وہ اس وقت تک ختم نہیں ہوتی جب تک یہ غذائیں جسم سے گزر نہ جائیں۔
اگر روزانہ دانتوں کو برش نہ کیا جائے تو خوراک کے اجزاءمنہ میں باقی رہ جاتے ہیں جس سے دانتوں کے درمیان، مسوڑوں اور زبان پر جراثیموں کی تعداد بڑھنے لگتی ہے جو سانس میں بو کا باعث بنتے ہیں۔ تو اس سے نجات کا آسان طریقہ تو یہ ہے کہ جب آپ دانتوں پر برش کریں تو رات کو بھی کریں کیونکہ ایسا نہ کرنے پر خوراک کے اجزا سانس کو بدبو دار بنا دیتے ہیں جبکہ زبان پر بھی برش پھیریں۔
اسی طرح پانی کی مناسب مقدار کا استعمال یقینی بنائیں کیونکہ ایسا نہ کرنے پر لعاب دہن کم بنتا ہے جس سے منہ میں خوراک کے اجزاءسے بڑھنے والے بیکٹریا زیادہ عرصے تک زندہ رہتے ہیں جو سانسوں کو بدبو دار کردیتے ہیں۔ اگر اس طرح بھی سانس میں بو ختم نہ ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے کیونکہ پھر یہ کسی مرض کی علامت بھی ہوسکتے ہیں جس کا علاج ہونا ضروری ہے۔