ایمزٹی وی(صحت)ذہنی تناﺅ کا شکار تو ہر فرد ہوتا ہے، اب اس کی شدت کم یا زیادہ ہوسکتی ہے مگر اس سے بچنا تو ممکن نہیں۔مگر سوال یہ ہے کہ آخر کوئی شخص ذہنی تناؤ کا بدترین شکار ہونے پر اس کی شناخت کیسے کرے؟
اکثر شدید ذہنی تناﺅ جسم میں چل رہی گڑبڑ کو مختلف جسمانی علامات کی شکل میں ظاہر کرتا ہے، مگر بیشتر افراد ان سے واقف ہی نہیں۔
درحقیقت اس کی چند مخصوص علامات ہوتی ہیں جو اکثر افراد پہچاننے سے قاصر رہتے ہیں اور زیادہ سنگین امراض کا شکار ہوجاتے ہیں۔ ان علامات کو جاننا یقیناً آپ کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
جسم میں درد
ویسے تو کسی مشقت والے کام کے نتیجے میں جسم میں درد ہونا کوئی غیر معمولی بات نہیں مگر چبھنے والا یہ درد بغیر کسی وجہ کے ہورہا ہو تو یہ ڈپریشن کی علامت ہوسکتا ہے، کمر میں درد، پٹھوں میں تکلیف یا جسم میں کسی بھی جگہ بلاوجہ درد ڈپریشن کی نشانی سمجھی جاتی ہے، طبی ماہرین کے مطابق درد مزاج کے مطابق جسم پر حملہ آور ہوتا ہے، اگر آپ ذہنی طور پر مایوس یا پریشان ہیں تو تکلیف کا احساس زیادہ ہوتا ہے جبکہ خوشی کی حالت میں درد کا احساس نہیں ہوتا۔
سونے میں مشکل
اگرچہ ڈپریشن کے شکار افراد کو اکثر تھکاوٹ اور جسمانی توانائی کی کمی کا سامنا ہوتا ہے مگر ان کے لیے رات کو سونا بھی آسان نہیں ہوتا، طبی ماہرین کے مطابق ڈپریشن کی چند واضح علامات میں سے ایک بے خوابی، بہت جلد نیند ختم ہوجانا اور پھر سونے میں ناکامی وغیرہ ہیں، یہ متاثرہ افراد کے لیے ذہنی جھنجھلاہٹ کا باعث ہوتا ہے کیونکہ اکثر اوقات اچھی نیند ہی ڈپریشن سے بچاﺅ کا واحد ذریعہ ہوتی ہے۔
جلد کے مسائل
ذہنی تناﺅ کا باعث بننے والے ہارمونز جلد کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں، ڈپریشن کے دوران ان ہارمونز کی مقدار بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے جس کے نتیجے میں اکثر مریضوں کو کیل مہاسوں، چنبل اور خارش وغیرہ کا سامنا ہوتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق ڈپریشن کے لیے ڈاکٹر کی تجویز کردہ ادویات کے استعمال سے جلدی مسائل بھی ختم ہوجاتے ہیں۔
معدے کے مسائل
سینے میں جلن، قبض، ہیضہ اور قے وغیرہ بھی ڈپریشن سے جڑے ہوئے ہوسکتے ہیں، خاص طور پر یہ امراض ان لوگوں کے لیے زیادہ بدتر ہوجاتے ہیں جو ذہنی بے چینی یا تشویش کے شکار ہوں، ماہرین کے مطابق معدہ انسانی مزاج کی کیفیات کے مطابق ردعمل ظاہر کرتا ہے۔
دانتوں کے امراض
ڈپریشن منہ کی صحت پر بھی اثرانداز ہونے والا مرض ہے، ایک تحقیق کے مطابق ڈپریشن کے نتیجے میں دانتوں کی فرسودگی اور دانت گرنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس کی وجہ مزاج کی خرابی روزمرہ کے کاموں کو مشکل بنادیتی ہے۔ اس کے نتیجے میں لوگ دانتوں کی مناسب صفائی پر دھیان نہیں دے پاتے جس کے باعث وہ دانتوں کے امراض کا شکار ہوجاتے ہیں۔
آدھے سر کا درد
جسمانی درد کی طرح آدھے سر کا درد بھی ڈپریشن سے جڑا ہوا ہوسکتا ہے، ڈپریشن نہ صرف سردرد کا باعث بنتا ہے بلکہ اس کے مریضوں میں آدھے س کے درد کی شکایت عام ہوتی ہے۔ تاہم سردرد دیگر امراض کی علامت بھی ہوسکتی ہے خاص طور پر اگر اچانک بینائی میں تبدیلی آئے، اس ہونے کا احساس یا گردن اکڑنے کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کیا جانا چاہئے