صحت : وزن کم کرنے سے ناصرف انسان کی بہت سی بیماریاں ختم ہو جاتی ہیں بلکہ صحت بھی اچھی ہو جاتی ہے لیکن وزن گھٹانے سے'سونا' بھی مل سکتا ہے، یہ خبر کافی حد تک حیران کن ہے۔ جی ہاں! دبئی کے ایک شاپنگ سینٹر میں وزن کم کرنے کے بدلے میں سونا دینے کی پیشکش کی گئی ہے۔ شاپنگ سینٹر کی جانب سے 'لوز ٹو ون گولڈ' چیلنج کے نام سے ایک مہم شروع کی گئی ہے جس میں شرکت کرنے والے ایک کلو وزن کم کرنے کے عوض ایک گرام سونا حاصل کر سکتے ہیں۔ شاپنگ سینٹر انتظامیہ کے مطابق شرکت کے خواہش مند لوگ اپنا نام شاپنگ سینٹر میں قائم کسٹمر کیئر ڈیسک پر درج کروانے کے بعد اس مہم کا حصہ بن کر شرائط وضوابط پر پورا اترتے ہوئے ایک کلو وزن گھٹانے کے عوض سونا حاصل کر سکتے ہیں۔ سونا جیتنے والوں کے نام کا اعلان 25 نومبر کو کیا جائے گا اور اسی دن انہیں انعام سے بھی نوازا جائے گا۔شاپنگ سینٹر نے ہفتہ وارانہ فٹنس پروگرام بھی شروع کر رکھا ہے جس میں وزن کے حوالے سے مفت ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔ شاپنگ سینٹر کی مارکیٹنگ ہیڈ کے مطابق اس مہم کا مقصد لوگوں کو وزن کم کرنے پر آمادہ کرنا اور انھیں ایک صحت مندانہ متوازن زندگی گزارنے کے لیے راغب کرنا ہے۔