مانیٹرنگ ڈیسک: سوشل میڈیا پر مقبول ہونے کی دوڑ صارفین کو ذہنی دباؤ کا شکار کر رہی ہے ایسے میں صارفین کے درمیان لائکس کے مقابلے کو ختم کرنے کیلئے انسٹا گرام نے اپنے فیچر میں اہم تبدیلی پر کام شروع کر دیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نے کمپنی صارفین کو ذہنی دباؤ سے بچانے کے لیے لائکس کی تعداد چھپانے پر کام کر رہی ہے۔
اس تبدیلی کا مقصد نوجوانوں میں لائکس کی تعداد کی فکر کو کم کرنا اور انہیں سوشل میڈیا پر مقابلے کی دوڑ سے دور رکھنا ہے تاکہ وہ اپنی خود اعتمادی نہ کھو دیں۔
فیچر میں اس تبدیلی کے تحت صارفین پوسٹ پر لائکس کی تعداد نہیں دیکھ سکیں گے بلکہ نمبرز کی جگہ صرف others لکھا دکھائی دے گا۔
اس سے قبل انسٹاگرام نے لائکس کی تعداد چھپانے کے عمل کی کینیڈا میں رواں برس مئی میں آزمائش کی تھی لیکن اب اس کو آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، آئرلینڈ، جاپان اور برازیل میں متعارف کیا جا رہا ہے۔
توقع ہے کہ جلد ہی لائکس کی تعداد تمام صارفین کے لیے چھپا دی جائے گی۔
نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے فیس بک ڈائریکٹر میا گارلک کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ وہ امید کرتے ہیں اس آزمائش کے تحت نوجوانوں میں یہ فکر نہیں ہو گی کہ ان کی پوسٹ پر کتنے لائکس ہٹ ہوئے بلکہ وہ اپنی پوسٹ کے مقصد پر متوجہ رہیں گے۔
تحقیق کے مطابق لائکس کی تعداد چھپانے سے پوسٹ کا مواد خود اعتمادی بڑھا سکتا ہے جب کہ لائکس ہٹ کی دوڑ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کو بڑھاوا دیتی ہے۔