کراچی: کے ایم سی نے اپنے زیر انتظام اسپتالوں میں انسداد کانگو وائرس کا الرٹ جاری کردیا۔
کراچی میٹروپولیٹن کی جانب سے عید الاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور عملے کو حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کے ایم سی کے مراسلے میں کہا گیا ہےکہ کانگو کا مریض اسپتال آنے کی صورت میں خصوصی احتیاط رکھی جائے، مریض کے لیے اسپتال میں خصوصی وارڈ بنائیں جائیں اور اسپتال میں کانگو وائرس کے حوالے سے بینر اور پوسٹر کے ذریعے آگاہی فراہم کی جائے۔
سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کا کہنا ہےکہ کانگو کا مرض جانوروں کو چپکے کیڑے ٹک چیچڑ سے انسان میں منتقل ہوتا ہے، کانگو کی علامات میں جسم میں شدید درد،آنکھوں کاسرخ ہونا، متلی اور بخار شامل ہیں۔
سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے لوگوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہاہے کہ مویشی منڈی میں ہلکے رنگ اور کھلے کپڑے پہن کر جائیں اور ساتھ ہی دستانے اور ماسک کا بھی استعمال کریں۔