مانیٹرنگ ڈیسک : دنیا بھر میں کیڑے مکوڑوں سے متاثر ہو کر روبوٹ بنانے کی دوڑ جاری ہے اب فرانس کے ماہرین نے روبوٹ مکھی بنائی ہے جس کا وزن صرف ایک گرام ہے اور یہ اپنے وزن سے پانچ گنا زائد وزن اٹھاسکتی ہے۔
اب اگر اسے آپ مکھی مارنے والی چھڑی سے کئی دفعہ پچکانے کی کوشش کریں تب بھی یہ دب کر دوبارہ کھڑی ہوجاتی ہے اور چلنے لگتی ہے۔ اسے ڈینسیکٹ DEAnsect کا نام دیا گیا ہے۔ اس میں مصنوعی پٹھوں کی مدد سے تین ٹانگیں بنائی گئی ہیں جو ایک سیکنڈ میں 400 مرتبہ حرکت کرتی ہیں۔
DE-Ansect درحقیقت ’ڈائی الیکٹرک ایلاسٹومر ایکچوایٹرز‘ کا مخفف ہے جس پر بال سے باریک مصنوعی پٹھے لگے ہوئے ہیں جو ارتعاش سے مکھی کو آگے بڑھانے میں مدد دیتے ہیں۔ روبوٹ مکھی اڑتی نہیں بلکہ یہ اونچے نیچے راستوں پر چلتی رہتی ہے۔ حیرت انگیز روبوٹ مکھی کا وزن ایک گرام سے بھی کم ہے لیکن یہ اپنے وزن سے پانچ گنا زائد بوجھ اٹھاسکتی ہے۔