جارجیا: گھنے جنگلات میں انتہائی سستی سے حرکت کرنے والا ایک جاندار سلاتھ بھی ہے۔ اب اس سے متاثر ہوکر سائنسدانوں نے ایک سلاتھ روبوٹ بنایا ہے جو عین اسی جانور کی طرح الٹا لٹک کر دھیرے دھیرے حرکت کرتے ہوئے فطرت، ماحول اور جنگلی حیات کا احوال لیتا رہتا ہے۔
سلاتھ نما روبوٹ کی لمبائی تین فٹ ہے اور اس کا غالب حصہ تھری ڈی پرنٹر سے چھاپا گیا ہے۔ اس میں کئی اقسام کے سینسر اور موٹریں لگائی گئی ہیں۔ جارجیاانسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے سائنسدانوں نے اسے ایک نباتاتی (بوٹانیکل) باغ کے لیے بنایا ہے۔
اپنے نام کی طرح یہ بہت سست رفتار سے آگے بڑھتا ہے اور بیٹری کفایت سے خرچ کرتا ہے۔ روبوٹ جنگل کے تحفظ، ماحول کی بقا، جانوروں اور پرندوں پر نظر رکھنے کے لیے بطورِ خاص ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس پر خاص قسم کے سولر پینل لگائے گئے ہیں جو سورج کی روشنی سے پورے برقی نظام کو چلاتے ہیں۔
دو درختوں پر ایک موٹا تار باندھ کر اس پر روبوٹ چلایا جاتا ہے۔ اپنے سینسر سے یہ درجہ حرارت، کاربن ڈائی آکسائیڈ، موسم اور دیگر کیفیات کو نوٹ کرتا رہتا ہے لیکن روبوٹ ساری تبدیلیوں کو بہت طویل عرصے تک نوٹ کرتا رہتا ہے اور ایک مرتبہ ماحول کا حصہ بن جانے کے بعد کئی ماہ اور سال تک کا ڈیٹا جمع کرسکتا ہے۔
روبوٹ کو ایک سومیٹر طویل تار پر لگایا گیا ہے اور یہ صرف ضرورت کے وقت ہی آگے بڑھتا ہے ورنہ ایک ہی جگہ رک کر معلومات جمع کرتا رہتا ہے۔ توقع ہے کہ اپنی اسی صلاحیت کی وجہ سے یہ ایک ماحول دوست روبوٹ ثابت ہوگا کیونکہ یہ بہت طویل عرصے تک ایک ماحول کا حصہ بن سکتا ہے۔