پاکستانی طلبہ کی زندگی بہتر بنانے کے لیےمتحدہ عرب امارات کی ٹیکنالوجی کمپنی ’لاک اینڈ اسٹاک‘ نےیہاں بھی اپنے منصوبے کا آغاز کردیا ہے۔
لاک اینڈ اسٹاک طلبہ کو ان کے موبائل فونز بند رکھنے کی حوصلہ افزائی کرنے والی ایک فری موبائل ایپ ہےاور بدلے میں انہیں مختلف طرح کے مالی و تعلیمی فوائد اور رعایتیں دی جاتی ہیں۔
طلبہ کو فون بند رکھنے پرفی منٹ ایک ’کی‘ (key) ملتی ہے جس کے ذریعے وہ نہ صرف کھانے پینے کی اشیاء، انٹرٹیمنٹ اور مختلف برانڈز پر ڈسکاؤنٹ حاصل کرسکتے ہیں بلکہ اس کے ذریعے وہ دنیا کی معروف جامعات میں اسکالر شپس بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس ’کی‘ سے طلبہ کومختلف اداروں میں نوکری اور انٹرن شپ حاصل کرنے کے مواقع بھی مل سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2017 میں اس ایپ کاآغاز دبئی میں ہوا اور تب سے اب تک تقریباً 50 ہزار سے زائد طلبہ مجموعی طورپر 558 سال کے برابر وقت آف لائن رہ چکے ہیں۔
موجود ہ دور میں موبائل فونز کی اسکرین کے سامنے گھنٹوں وقت گزارنا ایک نشے کی صورت اختیار کرگیا ہے اور یہ ’ڈیجیٹل‘ نشہ طلبہ میں بھی پھیل چکا ہے اور بالخصوص 16 سے 18 سال کی عمر کے طلبہ سیکڑوں گھنٹے اسمارٹ فونز پر صرف کردیتے ہیں۔’لاک اینڈ اسٹاک‘ کے 23 سالہ شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کریگ فرنینڈس کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد طلبہ کی زندگی میں بہتری لانا ہے اور ہم دنیا بھر میں ڈیجیٹل نشے کے خلاف لڑنا چاہتے ہیں۔
کریگ فرنینڈس کو اس منصوبے کا خیال 2017 میں معیشت سے متعلق ایک لیکچر کے دوران میں آیا تھا جب وہ امریکا کی یونیورسٹی آف آئیووا میں زیر تعلیم تھے۔
لاک اینڈ اسٹاک ایپ کی پروگرامنگ طالب علم کے اسمارٹ فون سے دور رہنے کے وقت کو ٹریک کرتی ہے اور سوشل میڈیا ایپس کے نوٹیفکیشن کو بلاک کردیتی ہے جس سے طالب علم اپنی پسند کی دیگر سرگرمیوں پر وقت صرف کرسکتا ہے۔
اس ایپ میں طالب علموں کے درمیان سب سے زیادہ دیر آف لائن رہنے کا مقابلہ بھی ہوتا ہے زیادہ دیر تک موبائل فون سے دور رہنے والے طالب علم کو ہر ہفتے انعام دیا جاتا ہے۔طلبہ اپنے اسمارٹ فون کو بند یا اس سے دور رہ کر ڈسکاؤنٹس اور دیگرپیشکشوں سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ طلبہ کے لیے اسکالرشپ پلیٹ فارم بھی متعارف کروایا گیا ہے۔ اس ایپ کے ذریعے طلبہ دنیا کی 400 سے زیادہ جامعات کے پلیٹ فارم سے منسلک ہوسکتے ہیں جہاں طلبہ کو فونز سے دور رہنے پر یونیورسٹی فیس میں رعایت اور امداد کے بدلے خدمات فراہم کرنے کی سہولت دی جاتی ہے۔
2019 میں لاک اینڈ اسٹاک کے ذریعے طلبہ نے اسکالر شپس اور فیسوں میں رعایت کی مد میں 5 لاکھ ڈالر سے زائد کی بچت کی جبکہ رواں سال اب تک طالب علم مجموعی طور پر 10 لاکھ ڈالر سے زائد کی اسکالر شپس حاصل چکے ہیں۔ لاک اینڈ اسٹاک ایپ کو گوگل پلے اسٹور اور ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے