ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)امریکی انجینئرز کی تیار کردہ یہ مشین اسمارٹ فون کے ذریعے بھی کنٹرول ہوسکتی ہے جسے آپ اپنے فون سے چائے بنانے کی ہدایت دے سکتے ہیں اور یہ صرف 3 منٹ میں آپ کی من پسند چائے تیار کرے گی۔ جنوبی ایشیائی خطے میں چائے ایک مقبول مشروب ہے۔ خاص کر پاکستان کا ہر گھرانہ چائے پینا پسند کرتا ہے۔ مزیدار چائے تیار کرنے کے لیے اسے پکانے میں 10 سے 15 منٹ لگتے ہیں اور اگر ٹی بیگ استعمال کیا جائے تب بھی 5 منٹ تو لگ ہی جاتے ہیں۔ لیکن اگر آپ 3 منٹ میں اپنی پسند کی گرما گرم چائے تیار کرنا چاہتے ہیں تو ’’چائم مشین‘‘ درکار ہو گی۔ جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے 2 امریکی انجینیئرز نے یہ مشین بنائی جسے ’’چائم‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ مشین 3 منٹ میں آپ کی پسند کے مطابق چائے بنا سکتی ہے۔ یہ کوئی سادہ مشین نہیں بلکہ اسمارٹ مشین ہے جسے ایپلی کیشن کے ذریعے اسمارٹ فون سے ہدایات دی جا سکتی ہیں۔ اس میں چائے بنانے کے تمام اجزا الگ حصوں میں رکھے جاتے ہیں اور پھر اپنی پسند سے ہدایات دی جا سکتی ہیں کہ آپ کیسی چائے پینا چاہتے ہیں۔ چائے کی پتی رکھنے والے حصے میں اضافی ذائقے کے لیے الائچیاں وغیرہ بھی رکھی جا سکتی ہیں۔ آپ کے مزاج کے مطابق چائے کا گرما گرم کپ یہ مشین 3 منٹ میں تیار کر سکتی ہے۔ مشین میں کپ بھی موجود ہے یعنی بس اسے آن رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے اور جب بھی چائے پینے کا دل چاہے آپ اپنے فون سے مشین کو پیغام بھیجیں اور ٹھیک 3 منٹ بعد گرما گرم چائے کا کپ اُٹھا کر لطف اُٹھائیں۔ کئی افراد نے اس مشین کا تجربہ کیا اور اس بات کی تصدیق کی کہ اس کا ذائقہ بالکل عام پکی ہوئی چائے جیسا ہے۔
Leave a comment