ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)اگلے چند دنوں میں فیس بک اپنے 900 ملین صارفین کے لیے میسنجر میں بھی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن پیش کرنے جا رہا ہے تاہم یہ صارفین کی پسند پر منحصر ہو گا کہ وہ اسے چاہیں تو استعمال کریں ورنہ غیر فعال رہنے دیں۔ انکرپشن اس وقت صارفین کی پرائیویسی کے لیے ایک انتہائی اہم فیچر ہے۔ اس طرح نہ صرف ان کی گفتگو تک ہیکرز کا پہنچنا ناممکن ہو جاتا ہے بلکہ وہیں سرکاری حکام بھی کسی کی پرائیویسی میں دخل اندازی نہیں کر سکتے۔
اس فیچر کی بدولت فیس بک کے پاس بھی صارفین کی بات چیت تک پہنچنا ممکن نہیں ہو گا اس طرح فیس بک کو بھی سرکاری حکام کے مطالبات سے نجات مل جائے گی جنہیں آئے دن فیس بک استعمال کرنے والوں کی سرگرمیوں تک رسائی چاہیے ہوتی ہے۔ البتہ یہ انکرپشن فیس بک کے چیٹ بوٹس نظام سے ضرور متصادم ہو گی۔ انکرپشن فعال ہونے کی بدولت فیس بک کا چیٹ بوٹ کام نہیں کر پائے گا۔ چیٹ بوٹ کی سہولت فیس بک صفحات کے لیے ہے جو اپنے صارفین کو بروقت جواب دینے کے لیے ان بوٹس کو استعمال کریں گے جو صارفین کے سوالوں کے درست اور بروقت جوابات خود ہی دے سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ فیس بک میسنجر میں 1500 ایموجیز کو ری ڈیزائن کیا گیا ہے جب کہ 100 بالکل نئی ایموجیز بھی شامل کی جا رہی ہیں تاکہ چیٹنگ کے انداز کو مزید دلچسپ بنایا جا سکے۔