ایمز ٹی وی(صحت)بھارت میں انتقال خون کے دوران 2200 سے زائد افراد کے موذی مرض ایڈز میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ بھارت کے نیشنل ایڈز کنٹرول آرگنائزیشن نے 2 ہزار سے زائد افراد کے ایڈز میں مبتلا ہونے کا انکشاف رسائی کے قانون کے تحت سماجی کارکن چیتن کوٹھاری کی ایک درخواست کے جواب میں کیا۔
نیشنل ایڈز کنٹرول آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ آلودہ خون لگنے سے اکتوبر 2014ء سے مارچ 2016ء کے دوران 2234 افراد خطرناک مرض ایڈز کا شکار ہوئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسپتالوں میں متاثرہ خون لگنے سے ایچ آئی وی کا شکار ہونے والے افراد کی سب سے زیادہ تعداد شمالی ریاست اتر پردیش میں سامنے آئی جہاں 361 مریضوں کا اندراج کیا گیا جبکہ دارالحکومت نئی دہلی میں 264 کیس سامنے آئے۔
سماجی کارکن چیتن کوٹھاری کا کہنا ہے کہ وہ یہ معلوم کرنا چاہتے ہیں کہ حکومت مریضوں کو ایچ آئی وی سے متاثرہ خون لگنے سے بچانے اور اسپتالوں میں مریضوں کی محفوظ خون تک رسائی کیلئے کیا اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار سے واضح ہوتا ہے کہ آگاہی کے باوجود خون کا ایچ آئی وی ٹیسٹ نہیں کیا جاتا۔
بھارتی حکومت نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ایک ارب 25 کروڑ کی آبادی میں 25 لاکھ لوگ ایچ آئی وی ایڈز کا شکار ہیں۔