پیر, 25 نومبر 2024


ہوا میں فن پارے تخلیق کرنے والا تھری ڈی پرنٹنگ قلم تیار

ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)تھری ڈی پرنٹنگ اب کوئی خواب و خیال کی بات نہیں رہی۔ مگر اب تک یہ کام صرف خاص طرح کے بڑے پرنٹر اور سافٹ ویئر کی مدد ہی سے کیا جاسکتا تھا لیکن تھری ڈوڈلر کے ذریعے یہی مسئلہ حل کردیا گیا ہے۔ اسے کسی قسم کے دیوقامت پرنٹر یا خصوصی سافٹ ویئر کی ضرورت نہیں۔ ایک موٹے قلم سے مشابہت رکھنے والے، تھری ڈوڈلر کی مدد سے ایک بچہ بھی ہوا میں فن پارے تخلیق کرسکتا ہے۔ تھری ڈی پرنٹنگ میں استعمال ہونے والے پلاسٹک کی کارٹریج، ہیٹر اور ہاتھ کی حرکت کو سمجھنے والے سافٹ ویئر سے لیس مائیکروپروسیسر، سب کے سب اسی ننھے سے قلم نما تھری ڈی پرنٹر میں سمودیئے گئے ہیں۔ جس طرح قلم کی نوک سے روشنائی نکلتی ہے، اسی طرح تھری ڈوڈلر کی خاصی موٹی نوک سے پگھلا ہوا پلاسٹک نکلتا ہے جو سیکنڈوں میں جم کر ٹھوس شکل اختیار کرلیتا ہے۔

تھری ڈوڈلر بنانے والوں کا کہنا ہے کہ یہ اس کا تیسرا ورژن ہے جس میں پرانے ورژنز کی کئی خامیاں دُور کی گئی ہیں۔ سب سے اہم بات، اس میں استعمال کیا گیا پلاسٹک ہے جو حیاتی تنزل پذیر (بایو ڈی گریڈیبل) ہونے کے علاوہ بچوں کے لیے محفوظ بھی ہے؛ اور یہ 45 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ پر پگھل جاتا ہے۔ ’’تھری ڈُوڈلر اسٹارٹ‘‘ میں ایک عدد ری چارج ایبل بیٹری کے علاوہ 16 رنگوں والے پلاسٹک فلامنٹس کی کارٹریج بھی نصب ہے۔ اسے بنانے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ تھری ڈوڈلر سے تفریح کے علاوہ تعلیم و تدریس میں بھی مدد لی جاسکتی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment