ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) شمالی کوریا نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جس کی جنوبی کوریا اور امریکا نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے جنوبی صوبے ہوانگ ہائی سے بحیرہ جاپان کی جانب بیلسٹک میزائل ’’روڈونگ‘‘ کا تجربہ کیا ہے تاہم انھوں نے تجربے کی کامیابی یا ناکامی کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔ جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کی جانب سے بیلسٹک میزائل تجربے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پڑوسی ملک مسلسل میزائل تجربے کر کے اقوام متحدہ کے قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔
دوسری جانب امریکی وزارت دفاع نے بھی شمالی کوریا کے میزائل تجربے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن اپنی اور اتحادیوں کی حفاظت کے لئے تیار ہے۔
اس خبر کو بھی پڑھیں: شمالی کوریا کے یکے بعد دیگرے 2 میزائل تجربات
چند روز قبل شمالی کوریا کے ایک اعلی سفارت کار نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ واشنگٹن نے پیانگ یانگ کے سربراہ کم جونگ اُن کو پابندیوں کا سامنا کرنے والے افراد کی فہرست میں شال کر کے باقاعدہ جنگ کا آغاز کردیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی شمالی کوریا کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں کے 3 تجربات کئے گئے تھے جب کہ کم جان ان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے شمالی کوریا اب تک تقریباً 30 میزائل تجربات کر چکا ہے۔ دوسری جانب جنوبی کوریا نے پڑوسی ملک کی جانب سے مسلسل میزائل تجربات کے باعث سیانگ جو کاؤنٹی میں جدید ترین امریکن تھاڈ دفاعی میزائل سسٹم نصب کر دیا تھا۔