جمعہ, 22 نومبر 2024


عالمی سطح پر اوسط انسانی عمر میں اضافہ  

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) برطانیہ میں ہونے والی ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں اوسط انسانی عمراکہتراعشاریہ پانچ برس ہوگئی ہے۔ ایک اسٹڈی رپورٹ کے مطابق 1990 کے مقابلے میں 2013 میں انسانی عمر میں تقریباً چھ برس اضافہ ہوا ہے۔ لندن میں ایک تحقیقی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 1990 میں اوسط انسانی عمر 65 اعشاریہ 3 برس تھی۔ 1990 سے 2013 کے درمیان عالمی سطح پر مردوں کی اوسط عمر میں 5 اعشاریہ 8 برس جبکہ خواتین میں 6.6 برس اضافہ ہوا۔ تحقیق میں اوسط عمر میں اضافے کی بڑی وجہ کینسر اور دل کے امراض کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد میں کمی کو قرار دیا گیا ہے۔ اس عرصے کے دوران دنیا میں کینسر کی وجہ سے اموات کی شرح میں 15 فیصد اور دل کی بیماریوں کے سبب ہونے والی اموات کی شرح میں 22 فیصد کمی ہوئی ہے۔ سب صحارا کے افریقی ممالک میں اوسط عمر میں اضافہ نہیں ہو سکا جہاں ایچ آئی وی اور ایڈز کی وجہ سے اموات کےسبب اوسط عمر میں پانچ برس تک کمی ہوئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بعض بیماریوں کے سبب ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جن میں ہیپاٹائٹس سی سے ہونے والے جگر کے کینسر میں 1990 کے مقابلے میں 125 فیصد اضافہ ہوا، نشہ آور ادویات سے ہونے والی بیماریوں میں 63 فیصد، گردوں کی بیماریوں میں37 فیصد، ذیابیطس نو فیصد اور لبلبے کے کینسر میں سات فیصد اضافہ شامل ہیں ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment