ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) چین میں “مقدس” سمجھے جانے والے بندر نے ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکا کا ممکنہ صدر بننے کی پیشگوئی کی ہے۔
جس بندر نے ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر بننے کی پیشگوئی کی یہ وہی ہے جس نے رواں سال یورپین فٹبال چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں پرتگال کی ٹیم کی کامیابی کی پیش گوئی کی تھی جب کہ چین میں اس بندر کو “گیڈا” کے نام سے جانا جاتا ہے جس کا مطلب گتھی سلجھانے کے ہیں۔
چین کے شیانہو ایکولوجیکل ٹورازم پارک کی انتظامیہ نے اپنی ویب سائٹ پر بندر کی پیشگوئی سے متعلق کہا ہے کہ امریکی صدارتی امیدوار کے ممکنہ انتخاب کی پیشگوئی کے لئے بندر سے رائے لی گئی اور یہ جاننے کے لئے ایک طرف ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہیلری کلنٹن اور دوسری طرف ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر رکھی گئی۔ بندر سے جب پوچھا گیا کہ 8 نومبر کوامریکی انتخاب میں کون سا امیدوار کامیاب ہوگا تو بندر نے تھوڑی دیر سوچ بچار کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر پر لپکتے ہوئے تصویر کو پیار کیا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا میں 2010 میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے دوران پال نامی آکٹوپس نے اپنی پیشگوئیوں کی بدولت دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی تھی۔ میچ سے قبل آکٹوپس کے سامنے دونوں ممالک کے پرچم رکھے جاتے تھے اور آکٹوپس جس پرچم کا انتخاب کرتا وہی ٹیم کامیاب ہوتی تھی۔