ایمز ٹی وی (روس) روس میں بحیرہ اسود میں گر کر تباہ ہونے والے فوجی طیارے کی یاد میں یوم سوگ منایا گیا جبکہ بحیرہ اسود میں لاشوں اور بلیک باکس کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز شام جانے والا روس کا ایک فوجی طیارہ بحیرہ اسود میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس سے طیارے میں سوار تمام 92 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
روسی وزارت دفاع کے طیارے ٹی یو 154 میں ملٹری بینڈ کے درجنوں موسیقار اور رقاص شامل تھے جو سال نو کے موقع پر منائے جانے والے جشن میں فن کا مظاہرہ کرنے شام جارہے تھے۔
اس کے علاوہ 9 روسی صحافی بھی اس طیارے میں سوار تھے جبکہ ملٹری سروس کے نمائندوں اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے انسانی حقوق کونسل کے اہم رکن الیزاویٹا گلنکا بھی حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں موجود تھے۔
روس میں یوم سوگ کے موقع پر سوگواران نے جہاز کے اڑان بھرنے کے مقام، جنوبی روس کے ایئرپورٹ سوچی پر پھول رکھے اور شمعیں روشن کیں۔
روسی وزیر مواصلات میکسم سوکولود کے مطابق طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی وجہ پائلٹ کی غلطی یا کوئی تکنیکی خرابی ہوسکتی ہے تاہم طیارے کی تباہی میں کسی دہشتگرد کارروائی کا کوئی امکان نہیں۔
حادثے کے بعد بحیرہ اسود میں جاری امدادی کارروائیوں کے حوالے سے روسی وزارت دفاع کے ترجمان آئیگور کوناشینکوف کا بتانا تھا کہ اب تک 11 افراد کی لاشوں کو تلاش کیا جاچکا ہے، اور کھلے سمندر میں لاشوں اور طیارے کے بلیک باکس کی تلاش کے لیے جاری آپریشن جس میں ساڑھے تین ہزار افراد مصروف ہیں،اسے مزید بڑھایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 39 بحری جہاز، 5 ہیلی کاپٹرز، ایک ڈرون اور 100 سے زائد غوطہ خور سرچ آپریشن کا حصہ ہیں جبکہ بحیرہ اسود کے ساحل پر روسی فوجیوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔
واضح رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا جاچکا ہے جبکہ اس سلسلے میں ایک تحقیقاتی کمیشن بھی تشکیل دیا گیا ہے جس کی سربراہی وزیراعظم دمتری میدویدوف کررہے ہیں۔
۔
6 روز قبل ہی 19 دسمبر کو سائیبریا کے شمال مشرقی علاقے میں روس کے فوجیوں کو لے جانے والے ایک طیارے نے کریش لینڈنگ کی تھی، تاہم حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی، البتہ جہاز میں سوار 32 فوجی اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
اس سے قبل مارچ 2016 میں بھی دبئی سے روس جانے والا مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں عملے کے 6 ارکان سمیت 61 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق بوئنگ 737 طیارہ روس کے جنوبی شہر روستو آن ڈان کے ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوا۔