ایمزٹی وی(نئی دہلی)بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کم سن پاکستانی بچے کو دل کے آپریشن کے لیے فوری طور پر میڈیکل ویزا فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردی۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق دبئی میں رہائش پذیر پاکستانی شہری توقیر علی کا کم سن بیٹا دل کی ایک نایاب بیماری میں مبتلا ہے جس کا علاج بھارت میں ہی ممکن ہے۔ توقیر علی نے بھارتی ویزا کے لیے دبئی میں واقع بھارتی قونصلیٹ آفس سے 18 ستمبر کو رجوع کیا مگر تاحال اسے اب تک ویزا نہیں ملا جس پر پاکستانی شہری نے بہتر سمجھا کہ اسے مدد کے لیے بھارتی وزیر خارجہ سے رابطہ کرنا چاہیے۔توقیر علی نے ٹوئٹر پر وزیر خارجہ کو مخاطب کیا اور کہا کہ میرا بیٹا دل کے ایک ایسے عارضے میں مبتلا ہے جس کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں، اسے علاج کے لیے اوپن ہارٹ سرجری کی ضرورت ہے جس کے سپیشلسٹ بھارت میں موجود ہیں، میں آپ سے مدد کی اپیل کرتا ہوں، 18 ستمبر سے بیٹے کے لیے ویزا کی درخواست دی ہے جو کہ تاحال نہیں ملا۔
بھارتی وزیر خارجہ سمشا سوراج نے توقیر کے ٹوئٹ کا فوری جواب دیا اور کہا کہ وہ مایوس نہ ہوں، انہیں اور بیٹے کو ویزا دلانے کے لیے دبئی میں بھارتی ویزا آفس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں تاکہ وہ بھارت آکر بیٹے کی اوپن ہارٹ سرجری کراسکیں۔