ھفتہ, 23 نومبر 2024


زلزلے کے بعد پاکستانی امداد ناقابل فراموش، نیپالی آرمی چیف

ایمز ٹی وی(فارن ڈیسک)نیپال کے آرمی چیف جنرل گورو ایس جے بی رانا نے نیپال میں گزشتہ مہینے آنے والے زلزلے کے بعد پاکستان کی جانب سے زلزلہ زدگان کے لئے خدمات پر شکریہ ادا کیا ہے۔نیپال کے آرمی چیف نے اتوار کو نیپال میں پاکستان آرمی کی جانب سے قائم کیے گئے فیلڈ ہسپتال کا دورہ کیا اور وہاں مصروف پاکستانی اہلکاروں سے ملاقات کی۔اس موقع پر جنرل گورو نے پاکستان اور پاک فوج کی جانب سے جاری امدادی کارروائیوں کی تعریف کی اور کہا کہ کھٹمنڈو کے عوام پاکستان کو ہمیشہ یاد رکھیں گے کیونکہ پاکستان آرمی کے ڈاکٹرز ہر وقت ان کی مدد کے لیے موجود رہے جب کہ ادویات بھی بڑی کھیپ مہیا کی گئی۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق پاک آرمی کی جانب سے کھٹمنڈو کے علاقے بخت پور میں لگایا گیا کیمپ زلزلے سے متاثر افراد کے لیے طبی امداد کا اہم ذریعہ ہے جب کہ پاکستان آرمی کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں بھی اپنے کاموں میں مصروف ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ مہینے نیپال میں آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے سے اب تک 6600 سے زائد افراد ہلاک جب کہ 10 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔نیپال میں پاکستانی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے ہندوستانی میڈیا کی جانب سے بعض منفی خبریں بھی شائع کی گئیں جنہیں پاکستان نے پراپیگنڈا قرار دیا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment