ایمزٹی وی(واشنگٹن) امریکی ریاست الاباما کے سینیٹ الیکشن میں 25 سال بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت ری پبلکن پارٹی کے امیدوار کو شکست ہوگئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ایوان بالا (سینیٹ) میں ریاست الاباما سے خالی ہونے والی نشست پر خصوصی انتخاب ہوا، جس میں ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار ڈگ جونز نے اپنے ری پبلکن حریف رائے مور کو خلاف توقع شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی ایوان بالا میں حکمران جماعت کی برتری میں بھی کمی ہوگئی ہے اور اب 100 ارکان کے ایوان میں ری پبلکنز کی تعداد 51 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی ریاست الاباما کا شمار انتہائی قدامت پرست ریاستوں اور ری پبلکن پارٹی کے مضبوط گڑھ کے طور پر ہوتا ہے اور یہاں سے گزشتہ برسوں میں کوئی ڈیموکریٹ امیدوار کامیاب نہیں ہوا۔