ایمزٹی وی(پیرس) فرانسیسی حکام نے منشیات اسمگلنگ کیس میں پی آئی اے کے پورے عملے سے تفتیش کی جس کے دوران ایک اور اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا۔
میڈیا زرائع کے مطابق فرانسیسی کسٹمز حکام نے منشیات برآمدگی کیس میں پیرس کے ہوٹل میں موجود پی آئی اے اسٹاف سے تفتیش کی۔ ذرائع کے مطابق فرانسیسی حکام نے پی آئی اے کے ایک اور فلائٹ اسٹیورڈ کو ہوٹل سے گرفتار کرلیا۔
گرفتار فضائی میزبان کا نام محمد عامر معین علیزئی ہے جس کا تعلق لاہور سے ہے۔ پی آئی اے کی پرواز ’پی کے749‘ کا عملہ پیرس سے آج وطن واپس پہنچے گا اور ملزم عامر کا نام واپس آنے والے اسٹاف کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔
گزشتہ روز اسلام آباد سے فرانس کے دارالحکومت پیرس پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز ’پی کے749‘ کے فلائٹ اسٹیورڈ تنویر گلزار کو منشیات برآمد ہونے پر فرنچ پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔ ملزم سے چار کلو ہیروئین برآمد ہوئی تھی۔