ایمز ٹی وی (واشنگٹن)امریکا میں پاکستان کےسفیر اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ طالبان اور حقانی نیٹ ورک کو افغانستان کے سیاسی عمل کا حصہ ہونا چاہیے۔واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستانی، امریکی اور عالمی میڈیا سے گفتگو کےدوران امریکا میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے صحافیوں کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔
اعزاز چوہدری نے کہا کہ بھارتی قابض فورسزنے ظلم و بربریت اورماروائے عدالت قتل کا نیا دور شروع کررکھا ہے، پاکستان اس ظالمانہ اقدامات کی سختی سے مذمت کرتاہے جب کہ امریکا سمیت عالمی برادری بھارتی مظالم کےخلاف آواز اٹھائے۔پاکستانی سفیر کا کہنا تھاکہ پاک امریکا تعلقات مشترکہ احترام پر مبنی ہونے چاہئیں، تشویش اورخدشات دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے نقصان دہ ہیں، تعلقات میں عدم اعتماد سے انسداد دہشت گردی آپریشن کوبھی نقصان پہنچے گا جب کہ تعلقات میں عدم اعتماد سے افغان امن عمل کو دھچکا لگے گا۔
اعزاز چوہدری نے کہا کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، افغانستان میں قیام امن کے لیے افغان قیادت کی شمولیت ضروری ہے جب کہ طالبان اور حقانی نیٹ ورک کو افغانستان کے سیاسی عمل کا حصہ ہونا چاہیے۔امریکا میں پاکستان سفیر نے مزید کہا کہ اپنی سرزمین کسی کےخلاف استعمال نہ ہونے دینے کے عزم پر قائم ہیں۔