ایمزٹی وی(لندن)کرپشن کے خلاف کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے برطانوی حکومت سے نواز شریف کے خلاف تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
احتساب عدالت نے نواز شریف کو نیب ریفرنس میں 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ نواز شریف پر آمدن سے زائد اثاثوں کا جرم ثابت ہونے کے بعد ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے شریف خاندان کے لندن فلیٹس کے علاوہ دیگر مبینہ اثاثوں کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف ان دنوں لندن میں ہیں اور ٹرائل کے دوران باقاعدگی سے برطانیہ آتے جاتے رہے ہیں، برطانوی حکومت نواز شریف کی لندن میں موجود 4 جائیدادوں کی تحقیقات کرے، جبکہ نوازشریف اور ان کے خاندان کو محفوظ پناہ گاہ فراہم نہ کی جائے۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے شعبہ وکالت کے سربراہ راشیل ڈیوس نے کہا کہ اگر ثابت ہوگیا کہ شریف خاندان نے جائیدادیں کرپشن کے پیسے سے خریدی ہیں تو وہ ضبط کی جانی چاہئیں، یہ برطانوی حکومت کا اہم امتحان ہے کہ وہ کرپشن کی رقم کے خلاف کریک ڈاؤن کیلیے کتنی سنجیدہ ہے۔