تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے ایران کے شہر اھواز میں دہشت گردوں کے حملے پر سخت ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے کا جواب انتہائی شدید ہوگا۔
ایران کے صدر حسن روحانی نے دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو سخت پیغام دیا، ان کا کہنا تھا کہ حملے کا انتہائی شدید جواب دیا جائے گا۔
حسن روحانی نے کہا ’دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو اپنے کیے کا جواب دینا ہوگا۔‘ انھوں نے سیکورٹی فورسز کو حکم دیا کہ فوجی پریڈ پر حملے کے ذمہ داروں کی شناخت کی جائے۔
خیال رہے کہ کل ایران کے شہر اھواز میں سیکورٹی فورسز کی پریڈ کے دوران نا معلوم دہشت گردوں نے حملہ کیا، فائرنگ کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت 30 افراد زخمی جب کہ 24 جاں بحق ہوئے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر حملے سے متعلق جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ حملہ غیر ملکی طاقتوں کے بھرتی دہشت گردوں نے کیا۔
انھوں نے واضح طور پر کہا کہ امریکی حکام ایسے حملوں کے ذمہ دار ہیں، جواد ظریف نے کہا کہ عوام کی حفاظت کے لیے تیز رفتاری سے مؤثر جواب دیں گے۔
پاکستانی دفترِ خارجہ کی جانب سے بھی اس حملے پر ردِ عمل میں کہا گیا کہ پاکستان دہشت گردی کی ہر شکل میں مذمت کرتا ہے، دفترِ خارجہ کی جانب سے حملے میں جاں بحق افراد کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا بھی اظہار کیا گیا۔