تہران : ایران نے امریکی انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے کے جاسوسی نیٹ ورک کو توڑنے اور 17 جاسوس پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران نے سی آئی اے کے لیے کام کرنے والے 17 جاسوسوں کو گرفتار کیا اور ان میں سے بعض کو سزائے موت سنائی ہے۔
ایرانی وزارت انٹیلی جنس کی جانب سے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے جاسوسی نیٹ ورک کو توڑنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، ایرانی حکام کے مطابق مختلف کارروائیوں میں 17 جاسوسوں کو گرفتار کیا گیا۔
ایرانی وزارت انٹیلی جنس کے مطابق گرفتار جاسوس حساس اداروں اور اہم کمپنیوں میں کام کر رہے تھے۔
امریکا نے آبنائے ہرمز میں ایران کا ڈرون مار گرایا، ڈونلڈ ٹرمپ
یاد رہے کہ تین روز قبل وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی بحریہ نے آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرون کو مار گرایا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یو ایس ایس باکسر نامی امریکی جنگی جہاز نے جمعرات کو اس وقت دفاعی کارروائی کی جب یہ ڈرون بحری جہاز کے 1000 گز تک قریب آیا۔
واضح رہے کہ ایران نے کچھ روز قبل فضائی حدود کی خلاف ورزی پر امریکا کے بغیر پائلٹ کے ایک ڈرون کو مار گرایا تھا جس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ایران نے بہت بڑی غلطی کی ہے۔