ایمزٹی وی (انٹرنیشنل) رفیق مانگٹ.....چینی عوام بھارت کو ہمسائے کے طور پر پسند نہیں کرتے، چینی عوام کےلئے سب سے زیادہ پسندیدہ ہمسایہ ملک پاکستان ہے۔یہ بات چینی اخبار کی طرف سے کئے گئے ایک سروے کے بعد سامنے آئی ہے۔
اخبار نے بہت دلچسپ انداز میں سوال کیا تھا کہ اگر چینی عوام کو دوبارہ ہمسایہ ممالک منتخب کرنے کا موقع ملے تو وہ پاکستان کو اپنا پڑوسی چنیں گے یا بھارت کو؟ سروے کے بعد جو نتیجہ سامنے آیا وہ یہ تھا کہ ’چینی قوم بھارت کو کبھی ہمسائے کے طور پر قبول نہیں کریں گے۔‘
چینی رہنماؤں اورمیڈیا کے ساتھ ساتھ چینی عوام میں پاکستان کی پسندیدگی کا عالم یہ ہے کہ انہوں نے ہمسائے کے طور پردنیا بھر میں کے ممالک میں سب سے زیادہ پاکستان کو ہی ترجیح دی۔
چینی اخبار ’گلوبل ٹائمز‘ کی طرف سے کیے گئے اس آن لائن سروے میں2لاکھ سے زائد افراد نے حصہ لیا۔ چینیوں نے سب سے زیادہ ناپسندیدگی کا اظہار جاپان اور بھارت کے متعلق کیا ۔ جاپان کے متعلق13ہزار شرکاءنے کہا کہ وہ اس کو چین کا ہمسایہ ملک دیکھنا نہیں چاہتے۔ 10416افراد نے بھارت سے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔
جاپان، بھارت کے ساتھ ساتھ چینی عوام فلپائن ،ویت نام، شمالی کوریا، افغانستان اور انڈونیشیاءکو بھی اپنا ہمسایہ نہیں دیکھنا چاہتے۔ سروے میںچینی عوام کی پاکستان سے محبت بھی کھل کر سامنے آئی اور سب سے زیادہ پسندیدگی کے ووٹ پاکستان کے حق میں آئے۔ 11831افراد نے پاکستان کو چینی ہمسائے کے طور پر سب سے زیادہ ووٹ دیئے ،رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کا چین سے کسی بھی قسم کا کوئی تنازع نہیں۔
بھارت کے ساتھ سرحدی تنازع نے چینی عوام میںبھارت کو غیر مقبول بنا رکھا ہے۔چین اور بھارت کے درمیان ایک لاکھ بیس ہزار مربع کلومیٹر زمین پر تنازع ہے۔ دو نوں ممالک نے سرحدی تنازعات کو حل کرنے کے لئے معاہدے پر دستخط بھی نہیں کیے۔ بھارت کی ناپسندیدگی کی دوسری بڑی وجہ کچھ بیرون ملک مقیم تبت علیحدگی پسندوں کی طرف بھارت کی حمایت ہے۔
یہی معاملہ جاپان کی ناپسندیدگی کے بارے بھی ہے زیادہ تر چینی یہ سمجھتے ہیں کہ جاپانی حکومت نے اپنے تاریخی ایشوز پر چین سے معافی نہیں مانگی۔
سروے میں عوام کے سامنے36ممالک کے نام پیش کیے گئے جن میں انہیں چین کے ہمسایہ ممالک منتخب کرنے کا آپشن دیا گیا۔ سب سے زیادہ جن ممالک کو ہمسائے کے طور پر ناپسند کیا گیا ان میںفلپائن کے لئے11671، ویت نام کےلئے11620، شمالی کوریا کے لئے11024،بھارت کیلئے10416، افغانستان کےلئے8506اور انڈونیشیاءکے لئے8167افراد نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا۔
پاکستان کے علاوہ چینی عوام نے جن ممالک کو پسندیدہ ہمسائے کے طور پر دیکھنے کا اظہار کیا ان میں سوئیڈن کے لئے 9776 شرکاء نے ووٹ دیئے۔ چینیوں کیلئے نیپال بھی ہمسائے کے طور پر پسندیدہ ممالک میں شامل ہے۔ اس کے علاہ چھ ممالک جن کو چینی عوام اپنا ہمسایہ رکھنا چاہتے ہیں، ان میں نیوزی لینڈ، جرمنی،مالدیپ،سنگاپور،ناروے اور تھائی لینڈ شامل ہے۔