جمعرات, 21 نومبر 2024


حالات بہتر ہوتے ہی پاکستان کا دورہ کروں گا-اوباما

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) امریکہ کے صدر براک اوباما نے پاکستان کے وزیرِاعظم نوازشریف کو ٹیلی فون کر کے انھیں اپنے دورۂ بھارت کے بارے میں اعتماد میں لیا ہے۔ صدر اوباما نے پاکستانی وزیرِ اعظم کو ملک میں حالات معمول پر آنے پر دورۂ پاکستان کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔ بیان کے مطابق صدر اوباما نے وزیرِاعظم نواز شریف کو بتایا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے علاقے میں شدت پسندی پر قابو پانے، امن اور استحکام کو بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے اپنے عزم کو دوہراتے ہوئے خطے میں امن اور سلامتی قائم کرنے پر اتفاق کیا۔ امریکی صدر نے پاکستان کی افغانستان کی نئی حکومت کے ساتھ بہتر ہوتے تعلقات کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ تعلقات خطے کی سلامتی کے لیے کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔ براک اوباما کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات کا فروغ چاہتا ہے جبکہ نواز شریف نے ان سے پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کو کہا۔ پاکستانی وزیرِ اعظم نے صدر اوباما پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے معاملے پر بھارتی قیادت سے بات کریں کیونکہ اس مسئلے کا حل ہونا خطے میں پائیدار امن، استحکام اور معاشی تعاون لائے گا۔ صدر اوباما اس دورے کے دوران وزیرِ اعظم نریندر مودی کے علاوہ دیگر اعلیٰ بھارتی حکام سے ملاقات بھی کریں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment