جمعہ, 22 نومبر 2024

سابق صدر جنرل پرویز مشرف نے سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کے فیصلے پر اظہار افسوس کیا ہے۔سابق صدر پرویز مشرف کا عدالتی بیان پر افسوس کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہنا ہے کہ وہ اپنے وکلاء سے صلاح مشورے کے بعد سنگین غداری کیس سے متعلق عدالت کی جانب سے دیئے گئے فیصلے پر ردِ عمل دیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ  پرویز مشرف نے عدالتی فیصلےکی اطلاع ٹی وی چینلز پر سنی جس پر انہوں نے انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے۔آل پاکستان مسلم لیگ( اے پی ایم ایل) کے مقامی رہنماؤں نے بھی عدالتی فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

رہنما اے پی ایم ایل ملک مبشر کا عدالتی فیصلے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہنا ہے کہ فیصلہ سنانے کے لیے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، فیصلہ یک طرفہ ہے، پارٹی کو انتہائی افسوس ہے۔

رہنما اے پی ایم ایل نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کی طبیعت انتہائی ناساز ہے وہ  اپنے وکلاء سے صلح مشورے کے بعد ردعمل دیں گے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں پرویز مشرف کو سزائے موت سناتے ہوئے کہا ہے کہ سابق صدر پر آئین کے آرٹیکل 6 کو توڑنے کا جرم ثابت ہوتا ہے۔