ایمز ٹی وی (کوئٹہ) کوئٹہ میں گنجی واقعے کے خلاف آج ہڑتال کی جا رہی ہے ، وکلاء نے بھی عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا ہے۔ کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعات کے خلاف معمولات زندگی معطل ہیں ، سڑکوں سے ٹریفک غائب اور تعلیمی ادارے بھی بند ہیں ۔ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے ہزارگنجی واقعہ پر ہڑتال کی کال اور تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے ۔ بلوچستان بار کے اعلان کے بعد آج وکلاء بھی عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے ۔ ہڑتال کے باعث علمدار روڈ ، مشن روڈ ، کرانی سمیت مختلف علاقوں میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں ۔ جمعیت علماء اسلام ف کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان پر حملے کے خلاف نماز جمعہ کے بعد احتجاجی ریلی بھی نکالی جائے گی ۔ کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال کے باعث شہر میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز دہشتگردوں کی اندھادھند فائرنگ سے نو سبزی فروش موت کے گھاٹ اتار دئیے گئے۔ ایف سی اہلکاروں کے قافلے پر بارود سے حملے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ میکانگی روڈ پر خودکش حملے میں تین افراد جاں بحق اور چار پولیس اہلکاروں سمیت بیس سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔