کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے اسپیکر صوبائی اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو نے ملاقات کی۔
میر عبدالقدوس بزنجو نے بتایا کہ کوئٹہ میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے اعزاز میں عشائیے کی تقریب ہوئی جس میں یہ ملاقات ہوئی تاہم میں نے استعفی دینے کا فیصلہ واپس نہیں لیا، کیونکہ میرے تحفظات ابھی تک برقرار ہیں۔
میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ہم روایتی لوگ ہیں ہمارے درمیان احترام کا رشتہ ہے، وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کے جواب کا انتظار ہے، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی سے بات چیت جاری ہے، اگلے ایک دو روز میں مذاکرات کا دوسرا دور ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کو عبدالقدوس بزنجو نے مستعفی ہونے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے تاہم خاموش رہ کر صورتحال کا جائزہ لیتا رہا، مزید خاموش رہنا حلقے اور صوبے کے عوام کے مفاد میں نہیں، اسپیکر ہوتے ہوئے بھی عوام کی خدمت نہیں کرپا رہا۔