کوئٹہ: بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بلوچستان بلڈ بینک کا افتتاح کردیا گیا ، اس بلڈ بینک کے افتتاح پر صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری کا کہنا تھا کہ یہ صدقہ جاریہ ہے۔
صوبائی وزراء، سیاسی و سماجی شخصیات نے بلوچستان بلڈ بینک کے قیام کو انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے ، بلوچستان بلڈ بینک نہ صرف ایک فلاحی ادارہ ہے بلکہ یہ قومی ورثے کی حیثیت رکھتا ہے جس کی دیکھ بھال معاشرے کے تمام طبقات کی ذمہ داری ہے ، صحت کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا ،
بلوچستان بلڈ بینک کوئٹہ کے عوام کے لئے ایک ایسا تحفہ ہے جس سے نہ صرف کوئٹہ بلکہ پورے صوبے کے عوام مستفید ہوں گے۔ ان خیالات کااظہار صوبائی وزیر سماجی بہبود ، نان فارمل ایجوکیشن و انسانی حقوق میر اسد بلوچ، صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری ،سیکرٹری صحت بلوچستان حافظ عبدالماجد ، بلوچستان نیشنل پارٹی ( عوامی ) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر ناشناس لہڑی و دیگر مقررین نے بدھ کے روز بلوچستان بلڈ بینک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزراء اور سیکرٹری صحت نے ربن کاٹ کر بلوچستان بلڈ بینک کا باقاعدہ افتتاح کیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سماجی بہبود ، نان فارمل ایجوکیشن و انسانی حقوق میر اسد بلوچ کا کہنا تھا کہ ہم نے انسانیت کی خدمت کوسامنے رکھ کر ایک عظیم مقصد کیلئے بلوچستان بلڈ بینک کا سنگ بنیاد رکھا تھا کہ اس میں انسانیت کی خدمت ہوگی اور الحمد اللہ آج میر نصیب اللہ مری اور سیکرٹری صحت کے ہمراہ بلوچستان بلڈ بینک کا افتتاح کر کے دلی مسرت محسوس کررہا ہوں۔
بلوچستان بلڈ بینک کسی فرد ،کسی قوم ،کسی مذہب کا نہیں بلکہ یہ اہلیان بلوچستان کا ہے یہ ا مید ہے یہ ادارا بلا رنگ و نسل مذہب سے بالا تر ہوکر انسانیت کی خدمت کرےگا، میر اسد اللہ بلوچ نے اپنے فنڈ سے بلوچستان بلڈ بینک کی چار دیواری کی تعمیر کا اعلان کیا اور کہا کہ مزید بھی جہاں ضرورت ہوگی بلوچستان بلڈ بینک کو فعال کرنے کیلئے میرا بھرپور تعاون جاری رہے گا۔
صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ بلوچستان بلڈ بینک کا قیام صدقہ جاریہ ہے جس کا افتتاح کر کے دلی مسرت ہورہی ہے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھر پور کوشش کررہے ہیں میر اسد اللہ بلوچ کی جانب سے بلوچستان بلڈ بینک کا قیام نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ یہ صدقہ جاریہ ہے بلوچستان بلڈ بینک کو فعال کرنے کیلئے بھر پور تعاون کریں گے امید ہے کہ بلوچستان بلڈ بینک کی انتظامیہ ضرورت مندوں کو احسن طریقے سے خون عطیہ کر کے انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ر ہے گی ۔
صوبائی سیکرٹری صحت حافظ عبدالماجد نے کہا کہ جس قدر ممکن ہوگا بلوچستان بلڈ بینک کو سپورٹ کرینگے محکمہ صحت حکومت بلوچستان کی یہ اولین کوشش ہے کہ وہ عوام کو صحت کی یکسر سہولیات فراہم کرے بلوچستان بلڈ بینک ایک مثالی ادارہ ہوگا جہاں انسانیت کی خدمت ہوگی۔