ھفتہ, 20 اپریل 2024


قربانی کو فقط رسم تک محدود نہ رکھیں,علامہ سید ساجد علی نقوی

ایمزٹی وی(گلگت بلتستان)قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے عید الاضحی کے موقع پراپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ قربانی دیتے وقت دو امور کی طرف خصوصی توجہ رکھنی چاہیے ایک یہ کہ پیغمبران خدا حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی طرف سے اپنے رب کی رضا کی خاطر دی گئی قربانی کے اہداف کو سامنے رکھیں اور دوسرا یہ کہ قربانی کو فقط رسم تک محدود نہ رکھیں بلکہ قربانی جیسے نیک عمل کی روح کی طرف توجہ کریں کیونکہ ہماری قربانی کے جانور کا گوشت اور خون ہمارے خالق تک نہیں پہنچتے بلکہ ہمارا تقوی‘ ہماری نیکی اور ہمارا اخلاص بارگاہ ایزدی میں قبولیت پاتا ہے۔

نہوں نے مزید کہا کہ حضرت ابراہیم ؑ و اسماعیل ؑ کی یہ لازوال قربانی انسانیت اور اسلام سے وابستہ لوگوں کے لئے اطاعت و ایثار کا عملی اور حسین نمونہ ہے تاکہ وہ اپنے مفادات‘ ذاتی خواہشات‘ غلطیوں‘ کوتاہیو ں اور خطاﺅں کو قربان کرنے کے بعد جانور کی قربانی کریں اور ان کے سامنے یہ نظریہ نہ ہو کہ خدا کے حضور ان کے قربان کردہ جانور کا گوشت پوست اور خون پہنچتا ہے بلکہ صدق و یقین سے یہ بات ان کے مدنظر ہونا چاہیے کہ قربانی تو ایک ذریعہ ہے لیکن اصل میں ان کا ہدف ان کی نیت‘ ان کا ایثار‘ خلوص اور جذبہ خدا کے حضور پیش ہوتا ہے لہذا انہیں عید الاضحی مناتے وقت اور قربانی کرتے وقت اس خاص امر کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے۔

قائد ملت جعفریہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ عید الاضحی کے نیک اور بابرکت موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم انبیاءکرام‘ ائمہ معصومین ؑ‘شہدائے اسلام کی قربانی سے بالخصوص حضرت ابراہیم و اسماعیل ؑ کی قربانی سے الہام اور سبق لیتے ہوئے عالم اسلام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ایک راہ متعین کریں گے ۔ امت مسلمہ کے اتحاد اور ترقی میں رکاوٹ بننے والے عوامل‘ بحرانوں‘ چیلنجز اور مشکلات کے خاتمے کے لئے اقدامات کریں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment