جمعرات, 21 نومبر 2024


کرپٹ عناصر کو لٹکایا جائیگا تو ہمیشہ کیلئے نظام ٹھیک ہو جائیگا


ایمزٹی وی(گلگت بلتستان)صوبائی وزیر اقبال حسن نے کہا ہے کہ تعلیم جیسے پیغمبرانہ پیشے کو بدنام کرنے والے عناصر کو چوراہوں پر لٹکایا جانا چاہیے ایسے لوگ شرعی اور قانونی لحاظ سے ناقابل معاف ہیں کرپٹ عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں ہونی چاہئیں ایک دفعہ کرپٹ عناصر کو لٹکایا جائیگا تو ہمیشہ کیلئے نظام ٹھیک ہو جائیگا اور پورا گلگت بلتستان کرپشن سے بالکل پاک صاف ہو جائیگا کے پی این سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب اور ایف آئی اے کو کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن لینا ہو گا، ہمارا کام اداروں کو لانا تھا ہم نے ادارے لائے ہیں اب ان اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کرپٹ عناصر کا کڑا احتساب کریں ہم نیب اور ایف آئی اے کی کارروائی میں کبھی رکاوٹ نہیں بنیں گے کرپٹ عناصر حکومتی ہو یا غیرحکومتی ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جانا چاہیے اگر ہم نے کرپشن کے خلاف تحقیقات میں کسی قسم کی رکاوٹ ڈالنی تھی تو تحقیقاتی اداروں کو ہی گلگت بلتستان میں نہ لاتے۔


بہت افسوس کی بات ہے کہ ماضی میں محکمہ تعلیم کو تباہ و برباد کر دیا گیا اور نوکریاں لاکھوں روپے میں فروخت کی گئیں، ہم نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ہم محکمہ تعلیم میں کرپشن ختم کریں گے اور نئے اضلاع کا قیام عمل میں لائیں گے ہم نے دونوں وعدے پورے کر دیئے ہیں ہم کرپشن کریں گے اور نہ ہی کسی کو کرپشن کرنے دیں گے کرپشن پر کسی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ہم یہ بڑے دعوے کے ساتھ کہتے ہیں کہ اس وقت گلگت بلتستان میں ایک فیصد کرپشن نہیں ہو رہی ہے ہمارے اوپر لوگوں کے کام نہ ہونے کا الزام لگ سکتا ہے لیکن ایک پیسے کی کرپشن کا الزام نہیں لگایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کو کرپشن سے پاک کرنے کا پختہ عزم کر لیا ہے۔ انشاءاللہ اس محکمے میں بڑی تبدیلیاں لائیں گے اور قوم کے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنایا جائیگا ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایسا ہرگز نہیں ہے کہ سی پیک میں گلگت بلتستان کو کوئی حصہ نہیں مل رہا ہے آئینی پیچیدگیاں ہیں ان کو دور کر لیا جائیگا پھر ہمیں بھی ملک کے دوسرے حصوں کے برابر حصہ مل جائیگاانہوں نے کہا کہ تمام اراکین اسمبلی چاہتے ہیں کہ سکردو روڈ بنے کوئی رکن اسمبلی روڈ کی مخالفت نہیں کر رہا انشاءاللہ روڈ ہر صورت میں بنے گا عوام ہمیں مسائل کے حل کیلئے تھوڑا وقت دیں کیونکہ ہمارے مسائل بہت ہی پیچیدہ ہیں ان کے حل کیلئے وقت درکار ہے 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment