جمعرات, 21 نومبر 2024


نوجوانوں کوماحولیاتی مسائل پرتعلیم دینےکی اشدضرورت ہے

گلگت بلتستان : قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر اہم سیشن کا انعقاد کیا گیا۔

شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق سیشن منعقد کرنے کا مقصد موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تھا۔سیشن کاا نعقاد COP in My City اور قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ انوائرمنٹل سائنسز نے مشترکہ طور پر منعقد کیا تھا۔

سیشن میں جی بی اسمبلی کی ڈپٹی سپیکر سعدیہ دانش،رکن جی بی اسمبلی ایڈووکیٹ امجدحسین،قائم مقام وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق، مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران سمیت طلبا کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔

بطور مہمان خصوصی ڈپٹی سپیکر جی بی اسمبلی سعدیہ دانش نے موسمیاتی تبدیلی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اہم موضوع پر سیشن منعقد کرنے پر منتظمین کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کو ماحولیاتی مسائل پر تعلیم دینے کی اشد ضرورت ہے تاکہ اس اہم مسئلہ سے متعلق بہترین انداز میں آگاہ ہوجائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں بیداری اور عمل کو تقویت دینے کے لیے اس طرح کے سیشن باقاعدگی سے ہونے چاہئیں۔

اس سے قبل کے آئی یو کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق اور رکن جی بی اسمبلی ایڈووکیٹ امجد حسین نے موسمیاتی چیلنجوں سے نمٹنے میں اکیڈمی اور کمیونٹی کے اقدامات کے کردار پر زور دیا۔

اس سے قبل جی بی اسمبلی کی ڈپٹی سپیکر سعدیہ دانش،رکن جی بی اسمبلی ایڈووکیٹ امجدحسین نے قائم مقام وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق سے ملاقات کی۔ملاقات میں اعلی تعلیم وتحقیق کے فروغ سمیت جامعہ کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔

ڈپٹی سپیکر اور رکن جی بی اسمبلی نے جامعہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنی سطح پر ہرممکن تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی اور جامعہ کی جانب سے خطے میں اعلی تعلیم وتحقیق کے فروغ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment