ایمزٹی وی (اسلام آباد) وزیراعظم سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگوکے دوران انہوں نے کہا کہ تھر میں بچوں کی اموات ثقافتی مسئلہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج بروز جمعہ وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے وزیراعظم کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی پر ان کاشکریہ ادا کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں سندھ کے عوام اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے منتخب کیا ہے اور وہ خود نہیں بلکہ ان کا کام بولے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے رینجرز کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کراچی میں رینجرز کو اختیار حاصل ہے کہ وہ ملزم کو نوے روز تک تحویل میں رکھ سکتی ہے اور اسی نوٹیفیکشن کے تحت سندھ میں بھی کاروائیاں کرسکتی ہے، یہ مسئلہ حل ہوچکا ہے۔
تھر میں بچوں کی اموات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تھر میں بچوں کی اموات کی شرح کراچی یا لاہور سے زیادہ نہیں ہے ، تاہم یہ مسئلہ بہرحال ہے اور یہ تھر کا ثقافتی مسئلہ ہے، وہاں جلد شادیاں ہوجاتی ہیں اور کم عمر ی میں بغیر وفقے کے بچوں کی پیدائش سے یہ مسائل پیدا ہورہے ہیں ۔
مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ یہ صدیوں کا مسئلہ ہے اور محض اچھے اسپتال بنانے سے حل نہیں ہوگام، سندھ حکومت صورتحال کی بہتری کے لیے کام کررہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارٹی قیادت نے ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سندھ کی صورتحال میں بہتری لانے کا حکم دیا ہے اور سندھ میں تبدیلی جلد نظر آئے گی