ایمزٹی وی(راولپنڈی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر ملائیشیا پہنچ گئے جہاں انہوں نے اپنے ہم منصب سمیت دیگر فوجی اور حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر ملائیشیا پہنچے جہاں انہیں آرمی ہیڈ کوارٹرز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جب کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا سینئر آرمی کمانڈرز سے تعارف بھی کرایا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے ملائیشین ہم منصب اور چیف آف ڈیفنس فورس سے ملاقاتیں کیں جن میں مشترکہ فوجی تربیت، دفاعی تعاون سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی جب کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو اسٹریٹیجک پارٹنر شپ میں بدلنے کا عزم کرتے ہوئے فوجی تعاون کے طویل المدت فریم ورک پر بھی دستخط کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملائیشیا کے وزیر دفاع سے بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف کامیابوں کو سراہا اور امن واستحکام کے لیے پاک فوج کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ اس موقع پر جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ملائیشیا اور پاکستان کی سلامتی سے متعلق کئی مشترکہ مقاصد ہیں جب کہ دہشتگردی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیوں کی ضرورت ہے۔