ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں مسئلہ کشمیر ایک بار پھر اٹھادیا۔ پاکستانی نمائندے کا کہنا ہے کہ بھارت تاریخی حقائق کو مسخ کرکے انسانی حقوق کونسل کے شعور کی توہین کر رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں مسئلہ کشمیر ایک بار پھر اٹھادیا ہے۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پاکستانی نمائندے نے موقف اختیار کیا کہ مقبوضہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
پاکستانی نمائندے کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ”میں نہ مانوں“ کی منفی پالیسی پر کاربند ہے اور تاریخی حقائق کو مسخ کرکے انسانی حقوق کونسل کے شعور کی توہین کر رہا ہے۔
پاکستان نے قوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کو بتایا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں سات لاکھ سے زائد فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق نکالنا ہوگا۔