ایمزٹی وی(اسلام آباد)مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مودی برکس اور بمسٹیک کے ساتھیوں کو گمراہ کررہے ہیں، بھارتی قیادت مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم کو چھپانے کی کوشش کررہی ہے جب
کہ پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت بھارتی اسپانسرشدہ دہشت گردی اور دہشت گردی کی مالی امداد کے خلاف برسرپیکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کررہاہے جب کہ بھارتی مظالم کے باعث خواتین اوربچوں سمیت سینکڑوں کشمیری بصارت سے محروم ہوچکے ہیں۔
سرتاج عزیز نے کہاکہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر یوں کو حق خودارادیت نہیں دے رہا جب کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کی تحریک کو دہشت گردی سے تعبیرکرنے کو مستردکیاہے۔
واضح رہے کہ بھارت ریاست گوا میں ہونے والی برکس کانفرنس کے اجلاس سے خطاب کے دوران نریندر مودی پاکستان پر الزام تراشی کرنا نہ بھولے جس کے دوران انہوں نے نام لئے بغیر پاکستان پر دہشت گردی کو پروان چڑھانے کا الزام عائد کیا۔