ایمز ٹی وی(اسلام آباد) پاكستان تحریك انصاف نے پاناما لیكس كی تحقیقات اور وزیراعظم كے احتساب پر كسی قسم كا سمجھوتہ نہ كرنے كا فیصلہ كیا ہے۔
چیرمین تحریک انصاف عمران خان كی زیر صدارت بنی گالہ میں تحریك انصاف كی میڈیا اسٹریٹجی كمیٹی كا اجلاس ہوا جس میں سینئر رہنما اور اراكین قومی اسمبلی اسد عمر، شیریں مزاری سمیت نعیم الحق، فیصل جاوید، افتخار درانی و دیگر رہنما شریك ہوئے۔
اجلاس میں حكومت كی جانب سے بے بنیاد اور من گھڑت اطلاعات كے اجراء پر تفصیلی غور كیا گیا۔ اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے پاناما لیكس سے توجہ ہٹانے کے لیے سركاری وسائل اور اداروں كے بے دریغ استعمال وزراء كی جانب سے ریاستی اداروں كی بلیك میلنگ كی كوششوں كا بھی جائزہ لیا گیا جب کہ بین الاقوامی سطح پر پاناما كے اثرات اور حكومتوں كے اس پر ردعمل سے متعلق بھی بات چیت كی گئی۔
اجلاس كے شركاء نے 2 نومبر كو اسلام آباد كے پرامن احتجاج میں تشدد كے استعمال كے حكومتی منصوبے كا جائزہ لیتے ہوئے حكومتی پراپیگنڈے سے كسی طور مرعوب نہ ہونے كا فیصلہ كیا۔