اتوار, 24 نومبر 2024


سرل لیکس قومی سلامتی کا معاملہ ہے، بچوں کا کھیل نہیں

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ سرل لیکس کی تحقیقات کے لیے کمیٹی کے نام وزیراعظم کو پیش کردیئے ہیں، امید ہے کہ پیر تک کمیٹی تشکیل دے دی جائے گی۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ سرل لیکس سے متعلق تحقیقات کی جارہی ہے تاہم پرویزرشید کے خلاف کوئی تحقیقات نہیں ہورہی، اس معاملے پر پارلیمانی کمیٹی نہیں بن سکتی، تحقیقاتی کمیٹی کے نام وزیراعظم کوپیش کردیئے گئے ہیں، کمیٹی کے سربراہ ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج ہوں گے اوراس میں حساس اداروں کے افسران شامل ہوں گے۔ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ جو بھی جھوٹی خبرکا محرک ہے اس کی نشاندہی ہونی چاہیے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ وہ رضاربانی کااحترام کرتے ہیں، ان کا شمار پیپلزپارٹی کے ان اکا برین میں ہوتا ہے جو جمہوریت ،آئین اورقانون کی بالادستی سے متعلق واضح اوردوٹوک موقف رکھتے ہیں۔ سرل لیکس قومی سلامتی کا معاملہ ہے، بچوں کا کھیل نہیں، کمیٹی کو آزاد اورشفاف ماحول میں کام کرنے دیا جائے، حکومت کا جہاں تک تعلق ہے کمیٹی کے ناموں سے ہی اندازہ ہوجائے گا کہ حکومت ایک شفاف اورغیرجانبدار تحقیقات چاہتی ہے تاکہ جن لوگوں نے جھوٹ ،بہتان ،غلط فہمی کا بازار گرم کر رکھا ہے ان سے قوم کی جان خلاصی ہو۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment