ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ نے فہد قتل کیس میں ازخود نوٹس نمٹا دیا اور فہد ملک کے وکیل کو ہدایت کی ہے کہ وہ دہشتگردی کے سیکشن 7 اے ٹی اے ختم کرنے کے معاملے پر متعلقہ عدالت میں اپیل دائر کرے یہ حکم جمعہ کے روز چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ان چیمبر سماعت کے دوران جاری کیا ہے.
اس دوران مقدمے کی سماعت کے وقت مقدمہ کی تفتیشی پولیس افسر نے عدالت کو بتایا کہ فہد قتل کیس میں ملوث ملزمان کے حوالے سے چالان مکمل کرکے متعلقہ عدالت میں جمع کروادیا گیا ہے اور مقدمے کی باضابطہ کارروائی جاری ہے .دوران سماعت فہد ملک کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ مقدمے سے 7 اے ٹی اے کی شق ختم کردی گئی ہے جس سے مقدمہ کمزور ہوا ہے اس لئے اس سیکشن کو بحال کیا جائے.
اس پر عدالت نے کہا کہ وہ اس معاملے میں متعلقہ فورم سے رجوع کریں عدالت نے پولیس کو یہ بھی ہدایت کی کہ مقدمے کو آئین اور قانون کے مطابق ڈیل کیا جائے اور متعلقہ میں ملوث ملزمان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے بعد ازاں عدالت نے درج بالا ہدایات کے ساتھ ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا ۔