ایمزٹی وی(اسلام آباد) ایڈیشنل سیشن جج کے گھر میں تشدد کا نشانہ بننے والی کمسن طیبہ کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق بچی کے جسم پر 11 بڑے اور درجن سے زائد چھوٹے زخم موجود ہیں۔
ایڈیشنل سیشن جج کے گھرمیں تشدد کا نشانہ بننے والی کمسن بچی طیبہ کی میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طیبہ کے جسم پر 11 بڑے اور درجن سے زائد چھوٹے زخم ہیں، طیبہ کی کمر پر استری سے جلائے جانے کے 10 نشانات ہیں، بچی کی دائیں آنکھ اور کنپٹی پر بھی تشدد کے گہرے زخم موجود ہیں جب کہ طیبہ کا دماغی توازن درست ہے لیکن وہ دباؤ کا شکارہے تاہم اس کی ذہنی حالت میں بہتری آ رہی ہے۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق طیبہ کی دائیں کنپٹی پر موجود زخم گرنے سے نہیں بلکہ تشدد سے آیا، آنکھ جو جسم کا نازک ترین حصہ سمجھی جاتی ہے وہاں بھی بھنوؤں کے قریب ایک زخم موجود ہے جب کہ چہرے کی دائیں طرف زخموں کے کئی نشانات کی تصدیق بھی ہو گئی ہے۔
9 سالہ طیبہ کے دونوں بازوؤں پر بھی تشدد اور جلنے کے 5 نشان موجود ہیں جب کہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طیبہ کے جسم کو کسی چیز سے جلایا گیا اور یہ عمل کئی بار دہرایا گیا اس کے علاوہ رپورٹ میں کمر کے اوپر زخموں کے ساتھ ساتھ انفیکشن کابھی ذکر ہے۔