ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر اعظم کے صاحبزادے حسین نواز نے لند ن فلیٹس سے متعلق منی ٹریل سپریم کورٹ میں جمع کر ادی جس پر مریم نوا ز نے کہا ہے کہ منی ٹریل عدالت میں ثابت کر دی گئی ہے اور اب پاناما کیس ختم ہو گیا ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے بچوں نے لندن فلیٹس کی خریداری کیلئے ہونے والی منی ٹریل کے ثبوت سپریم کورٹ میں جمع کرا دیے ہیں اور مریم نواز نے اس پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے منی ٹریل کے ثبوت عدالت کو دیدیے ہیں جس کے بعد اب پاناما کیس ختم ہو گیا ۔
وزیر اعظم کے بچوں کی جانب سے آج دبئی فیکٹری کی 1980ءمیں فروخت، سعودی عرب میں عزیزیہ اسٹیل مل کی خریدو فروخت، میاں شریف کی التھانی فیملی کے ساتھ سرمایہ کاری کی سیٹلمنٹ، حدیبیہ پیپر ملزکی آڈیٹر رپورٹس، التوفیق ٹرسٹ کا قرضہ، نیسکول، نیلسن کمپنیوں کا کنٹرول سنبھالنے کی دستاویزات، ٹرسٹی سروسز کارپوریشن کی خدمات حاصل کرنے کے خط کی کاپی تاریخوں سمیت جمع کرا دی گئیں۔
قطری شہزادے کا دوسرا خط اورطارق شفیع کا بیان حلفی بھی منی ٹریل تفصیلات کا حصہ ہے۔
یاد رہے اس سے قبل شیخ رشید احمد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متعدد بار یہ کہ چکے ہیں کہ اگر شریف خاندان اپنی منی ٹریل دیدیے تو پاناما کیس واپس لے لیں گے